چین ، دارالحکومت بیجنگ میں سیاح دیوار چین کے موتیان یو حصے کا دورہ کررہے ہیں۔ (شِنہوا)
وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی شیری رحمن نے کہاہے کہ عمران خان نے پہلے حکومت اور اب پارٹی چلانے کی ذمے داری بھی دوسروں پر ڈال دی، عمران خان کے بیانات سے لگتا ہے ان سے زیادہ بے بس کوئی نہیں، پہلے عمران خان نے کہا وہ بے اختیار وزیرِ اعظم تھے، اب کہتے ہیں 2018 میں پارٹی کے ٹکٹ بھی کسی اور نے دیے، پیر کے روز سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر اپنے سلسلہ وار ٹوئٹس میں شیری رحمن نے کہا کہ یہ عمران خان کی بے اختیاری نہیں نااہلی ہے، جسے توشہ خانہ چوری کیس میں نااہل کیا گیا وہ اب بھی مخالفین کو چور کہہ رہے ہیں،وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ عمران خان کرپٹ پریکٹسز اور غلط بیانی کے مرتکب ہوئے ہیں، انہوں نے چوری کی، پھر غلط بیانی کر کے چھپانے کی کوشش کی،پی پی رہنما نے کہا کہ عمران خان کس منہ سے آصف زرداری اور دیگر کا نام لے رہے ہیں؟ وہ آج بھی الیکشن کمیشن کے نااہل کرنے کا اختیار چیلنج کر رہے ہیں، وہ اپنی بے گناہی ثابت کرنے عدالت نہیں گئے، پی ٹی آئی چیئرمین اپنے خلاف قانونی کارروائی روکنا چاہتے ہیں،شیری رحمن کا کہنا تھا کہ عمران خان نے چوری نہیں کی اور بے قصور ہیں، تو تلاشی سے کیوں بھاگ رہے ہیں؟ وہ صرف اداروں اور فیصلوں پر اثرانداز ہونے کے لیے لانگ مارچ کی دھمکی دے رہے ہیں،ان کا کہناتھا کہ عمران خان جانتے ہیں لوگ ان کے ذاتی سیاسی مفادات کے لیے نہیں نکل رہے، پی ٹی آئی چیئرمین 6 ماہ سے لانگ مارچ کی کال منسوخ کرنے کے بہانے ڈھونڈ رہے ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ اطہر من اللہ کا کہنا ہے کہ اڈیالہ جیل، جیل کم اور حراستی مرکز زیادہ لگتا ہے، نجی ٹی وی کے مطابق پیر ے روز اڈیالہ جیل میں قیدیوں پر تشدد کے واقعات کے تناظر میں کیس کی سماعت چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ اطہر من اللہ نے کی اور سیکرٹری انسانی حقوق عدالت کے سامنے پیش ہوئے،دوران سماعت چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے اڈیالہ جیل میں شکایت سیل قائم کرنے کا حکم دیتے ہوئے ریمارکس دیے کہ نیشنل کمیشن فار ہیومن رائٹس نے حراست کے دوران تشدد پر رپورٹ دی، رپورٹ دیکھنے کے بعد یہ جیل کم حراستی مرکز زیادہ لگتا ہے،ان کا کہنا تھا قانون کے مطابق پبلک سرونٹس کے خلاف محکمانہ کارروائی بھی ہو سکتی ہے، سیکرٹری صاحب وفاقی حکومت کو اس پر عمل کرنا ہے، جو کچھ ہو رہا ہے اس سے جیلوں میں قیدی بے بس ہیں،چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے استفسار کیا کہ آپ نے یہ رپورٹ کانفیڈنشل کیوں رکھی ہے؟ ہم اس رپورٹ کو پبلک کر رہے ہیں، آپ اسے ویب سائٹ پر بھی لگائیں،سیکرٹری ہیومن رائٹس نے بتایا کہ اڈیالہ جیل میں گنجائش سے زیادہ قیدیوں کو رکھا گیا ہے، جس پر جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیے کہ یہ تو ازخود ایک ٹارچر اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے، کسٹوڈیل ٹارچر جاری ہے، جیلوں میں قیدیوں کی تضحیک کی جاتی ہے، یہ جیل نہیں، کانسنٹریشن کیمپ ہیں، انہی حالات کی وجہ سے جیل کا دورہ کرنا پڑا،چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کا کہنا تھا یہ ایگزیکٹوز کے کام ہیں، بے بس لوگوں کی آواز کوئی نہیں اٹھاتا، عدلیہ کا 130 واں نمبر کہا جاتا ہے، وہ نمبر دراصل رول آف لا کا ہے، سسٹم ٹھیک کرنا عدلیہ نہیں، ایگزیکٹو کا کام ہے، یہ بہترین رپورٹ اور ٹپ آف دا آئس برگ ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
تحریک انصاف نے ارشد شریف کے مبینہ قتل کی تحقیقات اور ان کی میت واپس لانے کا مطالبہ کردیا،تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کیوائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے نجی ٹی وی سے خصوصی گفتگو میں کہا کہ صبح حیران کن خبرسنی، ہم صدمے میں مبتلاہیں ، ارشد شریف نے ہمیشہ پاکستان کے مفادات ہمیشہ تحفظ کیا،شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ارشد شریف کی وفات پرانتہائی تکلیف میں ہوں، کیا کیاہوا، کیوں ہوا اور اس کے پیچھے کیا تھا؟ اگر آج کوئی صحافی محفوظ نہیں ہیں تو کوئی شہری محفوظ نہیں ہے،رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ دفترخارجہ کو حرکت میں آناچاہیے،کینیا میں سفارتخانے کو جانا چاہیے، ارشد شریف کی والدہ اپنے بیٹے کا چہرہ دیکھناچاہتی ہیں، ان کی میت کو واپس لایا جائے اور باعزت طریقے سے جنازہ ہوناچاہیے،انھوں نے مطالبہ کیا کہ ارشد شریف کی تدفین کے بعد تحقیقات ہونی چاہیے کہ ایسا کیوں ہوا، اگر آج ہم خاموش رہتے ہیں تو کل میری یا کسی اور کی باری آسکتی ہے،شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ارشد شریف نفیس انسان تھے اور ہمیشہ حق اور سچ کی بات کرتے تھے، میں نے ارشد شریف کو بہت اچھا انسان پایا ،آج بہت بڑانقصان ہواہے، جو بنیادی انسانی حقوق کی بات کرتے ہیں آج ہم سب کو کھڑا ہونا پڑے گا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
سپریم کورٹ نے سابق وزیر اعظم عمران خان کی آڈیو لیک کی تحقیقات کیلئے دائر درخواست اعتراضات لگا کر واپس کردی،درخواست پر کل 6 اعتراضات عائد کیے گئے ہیں، رجسٹرار آفس نے اعتراض یہ عائد کیا کہ عمران خان کی درخواست میں نشاندہی نہیں کی گئی ہے کہ معاملہ بنیادی حقوق اور مفاد عامہ کا ہے،اعتراض میں کہا گیا کہ رجسٹرار آفس آرٹیکل 184/3کے تحت درج کی گئی درخواست سے مطمئن نہیں، درخواست گزار نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کرنے سے پہلے متعلقہ فورم سے رجوع نہیں کیا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
اسلام آباد ہائیکورٹ نے کینیا میں قتل ہونے والے صحافی ارشد شریف کی موت کی رپورٹ (آج)منگل تک طلب کر لی،ارشد شریف کے قتل کے معاملے پر تحقیقات کے لیے دائر درخواست پر چیف جسٹس اطہر من اللہ نے سماعت کی۔ چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ ارشد کی باڈی کہاں ہے؟وکیل درخواست گزار بیرسٹر شعیب رزاق نے کہا کہ ارشد شریف کی میت نیروبی میں ہے، انہوں نے استدعا کی کہ ارشد شریف کے قتل کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن بنایا جائے،اسلام آباد ہائیکورٹ نے سیکریٹری داخلہ اور سیکریٹری خارجہ کو نوٹس جاری کر دیا،عدالت نے وزارت داخلہ اور وزارت خارجہ کے نامزد افسر کو ارشد شریف کی فیملی سے فوری ملاقات کی ہدایت کر دی جبکہ سیکریٹری داخلہ اور سیکریٹری خارجہ کو ارشد شریف کی فیملی سے فوری رابطہ کرنے کا حکم دیا ہے،عدالت نے ارشد شریف کی ڈیڈ باڈی واپس لانے کے اقدامات اٹھانے کی بھی ہدایت جاری کر دی،درخواست میں موقف اپنایا گیا تھا کہ کمیشن بنا کر تحقیقات کروائی جائیں کہ ارشد شریف کن حالات میں باہر گئے، سیکیورٹی ایجنسیز کو کینیا کی ایجنسیز سے رابطہ کرکے تحقیقات کا حکم دیا جائے جبکہ ارشد شریف کی میت پاکستان لانے کے لیے اقدامات کا حکم دیا جائے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ بلاول وضو کرکے گیٹ نمبر 4 کا نام لیا کرے، پیر کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں شیخ رشید نے بلاول بھٹو زرداری کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بلاول کا نانا بھی گیٹ نمبر 4 کی پیداوار تھا، بلاول وضو کر کے گیٹ نمبر 4 کا نام لیا کرے،سربراہ عوامی مسلم لیگ کا کہنا تھا کہ گرہن سورج کو نہیں، کل سے حکومت کو لگے گا اور 30نومبر تک آرپار ہو جائے گا، سامراجی ایجنٹوں کو کہیں سے مدد نہیں ملے گی،سینئر صحافی اور اینکر پرسن ارشد شریف کے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ قوم کا بیٹا اور سچ کا سپاہی ارشد شریف آج شہید ہوگیا ہے، آج کا ٹوئٹ ارشد شریف کے نام کر رہا ہوں اور اس کے گھر جا رہا ہوں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
الیکشن کمیشن کے ممبر پنجاب نے توشہ خانہ کیس کے فیصلے پر دستخط کردیئے،ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق توشہ خانہ کیس میں ممبر پنجاب نے فیصلے پر دستخط کردیئے ہیں،ترجمان کا کہنا تھا کہ دو دن چھٹی تھی ،تمام صورتحال واضح ہو جائے گی،گذشتہ روز الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی)کی جانب سے توشہ خانہ کیس کا تفصیلی فیصلہ جاری کرنے میں تاخیر کی وجہ سامنے آئی تھی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
یورپی ملکوں میں پی آئی اے پروازیں بحال ہونے کے امکانات روشن ہوگئے ، سول ایوی ایشن کی ٹیم یورپی حکام سے ملاقات کیلئے برسلز پہنچ گئی،تفصیلات کے مطابق پی آئی اے پروازوں کی یورپ میں بحالی کے معاملے پر اہم پیشرفت ہوئی ، یورپی کمیشن اور ایاسا نے سی اے اے حکام کو طلب کرلیا،جس کے بعد پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کا 5رکنی اعلی سطح وفد یورپی حکام سے ملاقات کے لئے برسلز پہنچ گیا ہے،یورپ میں پاکستانی ایئرلائنز کی بحالی سے متعلق آج اجلاس ہوگا ، جس میں وفد یورپی سیفٹی ایجنسی کو کئے جانے والے اقدامات پر بریفنگ دے گا،ہوا بازوں کے لائسنسنگ کے اجرا رجسٹریشن پرپیشرفت پریورپی حکام کوآگاہ کرے گا،ترجمان سی اے اے کا کہنا تھا کہ پیشرفت ہونے پر یورپی کمیشن کی ٹیم آڈٹ پر پاکستان پہنچے گی، یورپی حکام کا دورہ 2023 کی پہلی سہ ماہی میں متوقع ہے،ہوا بازوں کے امتحانات کیلئے سی اے اے میں برطانوی سول ایوی ایشن کا سسٹم نصب ہیں ، مطمئن ہونے پر یورپی ملکوں میں پی آئی اے پروازیں بحال ہونے کے امکانات روشن ہوں گے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
وزیراعظم میاں شہباز شریف، صدر ڈاکٹر عارف علوی اور چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے سینئر صحافی اور اینکر پرسن ارشد شریف کے انتقال پر اظہار افسوس کیا ہے،سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں وزیر اعظم نے لکھا کہ اللہ تعالی مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے اور سوگوار خاندان سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے صبر جمیل کی دعا کی،صدر عارف علوی نے بھی اپنے ٹویٹ میں صحافی اور اینکر پرسن ارشد شریف کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے اہل خانہ سے افسوس کا اظہار کیا،صدر مملکت عارف علوی نے کہا کہ ارشد شریف کی وفات پاکستان اور صحافت کا بہت بڑا نقصان ہے،ادھر چیئرمین پی ٹی آئی اور سابق وزیراعظم عمران خان کی جانب سے بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر صحافی ارشد شریف کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا گیا ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
ملک کے نامور سینیئر صحافی اور نجی ٹی وی کے سابق اینکر ارشد شریف کینیا کے شہر نیروبی کے قریب گولی لگنے سے شہید ہوگئے ، واقعہ کینیا کے شہر نیروبی سے دو گھنٹے کے فاصلے پر واقع علاقے میں پیش آیا، ارشد شریف گولی لگنے سے شہید ہوگئے، کینیا میں پولیس نے ان کی موت کی تصدیق کر دی ہے اور حادثے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں، جب کہ ابتدائی طور پر اس بات کا امکان ظاہر کیا گیا ہے کہ حملہ بندوق سے کیا گیا تھا،ارشد شریف ایک تجربہ کار صحافی ہونے کے ساتھ پاکستان کے سب سے بڑے نیوز اینکرز میں سے ایک تھے، نجی ٹی وی کا شو پاور پلے بطور ٹی وی اینکر ان کا ٹیلی ویژن پر آخری شو تھا، وہ ماضی میں ملک کے سرکردہ نیوز چینلز اور اخبارات کے لیے کام کر چکے ہیں، انہیں سال 2019میں ان کی غیر معمولی صحافت خدمات پر صدارتی پرائیڈ آف پرفارمنس سے نوازا گیا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
بیجنگ (شِنہوا) کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ (سی پی سی) کی 20ویں قومی کانگریس ہفتہ کو بیجنگ کے عظیم عوامی ہال میں ختم ہو گئی۔
20 ویں قومی کانگریس کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی نئی مرکزی کمیٹی اور نئے مرکزی کمیشن برائے نظم و معائنہ کے انتخاب کے بعد کامیابی کے ساتھ منعقد ہوئی۔
اس اجلاس میں کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی19ویں مرکزی کمیٹی کی رپورٹ پر قرارداد کے ساتھ ساتھ 19ویں مرکزی کمیشن برائے نظم ومعائنہ کاری بارے ورک رپورٹ پر قرارداد اور کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کے نظرثانی شدہ آئین سے متعلق قرارداد کی منظوری دی گئی۔
اس کانگریس نے پوری پارٹی، پوری فوج اور تمام نسلی گروہوں سے تعلق رکھنے والے چینی عوام پر زور دیا ہے کہ وہ کامریڈ شی جن پھنگ کی سربراہی میں پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے ساتھ منسلک رہیں۔
یہ ذہن میں رکھیں کہ محض باتوں سے ہمارے ملک کا کچھ بھلا نہیں ہوگا بلکہ صرف ٹھوس کاموں سے ہی ملک پھلےپھولے گا۔
سب پر زور دیا گیا ہے کہ مضبوط اعتماد برقرار رکھیں ، ایک ہو کر متحد رہیں ، عزم کے ساتھ آگے بڑھیں اور ہر لحاظ سے ایک جدید سوشلسٹ ملک کی تعمیر کےلیے متحد ہو کر جدوجہد کریں اور تمام محاذوں پر قومی احیائے نو کو فروغ دیں۔
کامریڈ شی جن پھنگ نے اختتامی اجلاس کی صدارت کی۔
کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی 20ویں قومی کانگریس کے روسٹرم کی اگلی صف میں پریسڈیم کی قائمہ کمیٹی کے اراکین بیٹھے ہوئے تھے جن میں شی جن پھنگ، لی کھ چھیانگ، لی ژان شو، وانگ یانگ، وانگ ہوننگ، ژاؤ لی جی، ہان ژینگ، وانگ چھی شان،ڈنگ شوئے شیانگ، وانگ چھن ، لیو ہی ، شو چھی لیانگ ، سن چھون لان ، لی شی ، لی چھیانگ ، لی ہونگ ژونگ ، یانگ جی چھی ، یانگ شیاؤدو،ژانگ یو شیا ،چھن شی ، چھن چھوانگ گو،چھن مینئر ،ہو چھن ہوا ، گو شنگ کن،ہوانگ کن منگ، چھائی چھی ، ہوجن تاؤ، لی روئی ہوان، وین جیاباؤ،جیا چھنگ لِن، ژانگ ڈی جیانگ، یوژینگ شینگ، سونگ پھنگ، لی لان چھنگ، زینگ چھنگ ہونگ، وو گوان ژنگ، لی چھانگ چھون، ہی گوچھیانگ، لیو یون شان، ژانگ گاؤلی، یو چوان اور ژانگ چھنگ لی شامل تھے۔
کانگریس میں 2 ہزار 378 منتخب اور خصوصی طور پر مدعو کیے گئےمندوبین میں سے کل 2 ہزار 338 نے اختتامی اجلاس میں شرکت کی۔
مندوبین کی موجود ہ تعداد مجموعی تعداد کے نصف سے تجاوز کر گئی جو کہ کانگریس کے انتخابی اصولوں کے مطابق ہے۔
بیجنگ (شِنہوا) دنیا بھر کی غیر ملکی سیاسی جماعتوں، سرکاری عہدیداروں اور بین الاقوامی تنظیموں کے رہنماؤں نے کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی مرکزی کمیٹی اور کمیٹی کے جنرل سیکرٹری شی جن پھنگ کو کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی 20 ویں قومی کانگریس کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی ہے۔
ملاوی کانگریس پارٹی کے صدر اور ملک کے سربراہ لازارس چکویرا نے کہا ہے کہ شی جن پھنگ کی نئے دور کے لیے چینی خصوصیات کے ساتھ سوشلزم کے بارے میں سوچ قوت حیات سے بھرپور ہے۔
چکویرا نے واضح کیا کہ ملاوی کانگریس پارٹی اس بات پرپختہ یقین رکھتی ہے کہ کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی 20 ویں قومی کانگریس سوشلسٹ تعمیر کے نئے سفر میں نئی کامیابیوں کے حصول میں چین کی رہنمائی کرے گی۔ اس سے نا صرف چین بلکہ باقی دنیا کے لوگوں کو فائدہ پہنچے گا۔
پاپوا نیو گنی کے وزیر اعظم جیمز ماراپے نے کہا کہ کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی 20 ویں قومی کانگریس نے مستقبل میں چین کی ترقی کا نقشہ تیار کیاہے۔
انہوں نے کہا کہ اس نے چین کے جد ید یت کی طرف نئے سفرکے لیے ایک ایکشن پلان فراہم کیا جو کہ نا صرف چین بلکہ پوری دنیا کے لیے اہم ہے۔
ڈیموکریٹک کانگریس پارٹی کے رہنما اور لیسوتھو کے نائب وزیراعظم ماتھیبیلی موکھوتھو نے کہا عظیم کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ ایک نیا سفر شروع کر رہی ہے، اس حوا لے سے لیسوتھو کی ڈیموکریٹک کانگریس پارٹی کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کے ساتھ تعلقات کو بڑھانے اور دونوں جماعتوں کے درمیان تعاون کو مزید فروغ دینے کی توقع رکھتی ہے۔
نیپال کی کمیونسٹ پارٹی(یونیفائیڈ مارکسسٹ -لیننسٹ) کے رہنما اور نیپال کی قومی اسمبلی کے چیئرمین گنیش پرسادتملسینا نے کہا کہ کامریڈ شی جن پھنگ کی مرکزیت میں کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی مرکزی کمیٹی کی قیادت میں چین نے اقتصادی اور سائنس و ٹیکنالوجی کی ترقی میں قابل تعریف اور عظیم کامیابیاں حاصل کی ہیں۔
بیجنگ (شِںہوا) دنیا بھر میں سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں، حکومتی عہدیداروں اور قانون سازوں نے کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی20 ویں قومی کانگریس کے انعقاد پر کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی مرکزی کمیٹی اور جنرل سیکرٹری شی جن پھنگ کو مبارکباد دی ہے۔
کروشیا کی سوشل ڈیموکریٹک پارٹی کے صدر پیڈا گربن نے کہا کہ کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی 20 ویں قومی کانگریس بہت اہم ہے اور اس بات پر یقین رکھتی ہے کہ کانگریس میں وضع کردہ اصول اور پالیسیاں دونوں جماعتوں اور دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ اور تعاون پر مبنی تعلقات کو فروغ دیں گی۔
فلسطینی پیپلز پارٹی کے جنرل سیکرٹری بسام صالحی نے اس یقین کا اظہار کیا کہ کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی 20 ویں قومی کانگریس چینی قوم کی عظیم حیات نو کا کام مزید آگے بڑھائے گی اور بنی نوع انسان کی مشترکہ اقدار کو فروغ دے گی۔
یمنی اصلاح پارٹی کے سیکرٹری جنرل عبدالوہاب الانسی نے کہا کہ کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی 18 ویں قومی کانگریس کے بعد سے چین نے جو عظیم کامیابیاں حاصل کی ہیں، ان سے دنیا میں ترقی ہوئی اور کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ نے انسانی ترقی اور عالمی رواداری کے حصول میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔
یوگنڈا کی نیشنل ریزسٹنس موومنٹ پارٹی کے سیکرٹری جنرل رچرڈ ٹوڈونگ نے کہا کہ حالیہ برسوں میں کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ نے تخفیف غربت ، سبز ترقی، سائنسی اور تکنیکی اختراع اور نوول کرونا وائرس کے خلاف جنگ میں قابل ذکر کامیابیاں حاصل کی ہیں۔
بیجنگ (شِںہوا) دنیا بھر میں سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں، حکومتی عہدیداروں اور قانون سازوں نے کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی20 ویں قومی کانگریس کے انعقاد پر کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی مرکزی کمیٹی اور جنرل سیکرٹری شی جن پھنگ کو مبارکباد دی ہے۔
فرانسیسی کمیونسٹ پارٹی کی نیشنل کونسل کے صدر اور فرانسیسی سینیٹ کے نائب صدر پیری لارنٹ نے کہا کہ کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی 20 ویں قومی کانگریس چین اور پوری دنیا کے لئے انتہائی اہم ہے۔
لارنٹ نے کہا کہ چونکہ انسانوں کو کئی مشکلات کا سامنا ہے اس لئے کانگریس کی جانب سے ترقی ، امن اور اشتراک کے اشارے متوقع ہیں۔
نیشنل کانگریس فار تیموریز ری کنسٹرکشن پارٹی کے رہنما اور مشرقی تیمور کے سابق صدر شانانا گوسماؤ نے چین کو مشرقی تیمور کا قابل اعتماد دوست اور شراکت دار قراردیتے ہوئے ترقی پذیر ممالک کے لیے چین کے تعاون کو سراہا۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی 20 ویں قومی کانگریس ایک ایسے نازک وقت پر ہوئی جب چین ترقی اور خوشحالی کے ایک نئے سفر میں آگے بڑھ رہا ہے۔
انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ کانگریس اپنا دوسرا صد سالہ مقصد حاصل کرنے کے لئے چین کی کوششوں میں تیزی لائے گی۔
لبنان میں فری پیٹریاٹک موومنٹ کے صدر جبران باسیل نے کہا کہ کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی 20 ویں قومی کانگریس ، چین اور چینی عوام کے لئے ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے، یہ ملک کے روشن مستقبل کا ایک نیا خاکہ مرتب کرے گی اور ملک و عوام کو خوشحالی اور ترقی کی نئی منزل پر لے جائے گی۔
نئی دہلی (شِنہوا) بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں ہوا کےمعیارکے نظام، موسمیاتی پیشن گوئی اور تحقیق کے اعداد و شمار کے مطابق شہر کی ہوا کا مجموعی معیار خراب کے درجے میں پہنچ گیا ہے۔
اتوار کو جاری کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق نئی دہلی اور اس کے آس پاس کے کچھ علاقے بہت خراب کے درجہ میں رہے ہیں۔
پیشن گوئی کی گئی ہے کہ دہلی کی ہوا کا معیار دیوالی کے تہوار تک خراب کے درجے اور بہت ہی خراب کے زمرے کے نچلے درجے کے درمیان ہی رہے گا۔
دیوالی کا یہ تہوار پیر کو دھواں چھوڑنے والے پٹاخوں کے پھوٹنے کے ساتھ منایا جائے گا۔
بھارتی دارالحکومت میں تاہم پٹاخے پھوڑنے پر پابندی ہے۔ ملک کی اعلیٰ ترین عدالت سپریم کورٹ آف انڈیا نے حال ہی میں دیوالی کے تہوار کے موقع پر دہلی میں پٹاخوں پر پابندی ہٹانے بارے درخواست کی سماعت کرنے سے انکار کر دیا تھا۔
بھارتی اخبار انڈیا ٹوڈے کی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پیر تک ہوا کا معیار بہت خراب کے درجے میں جانے کا امکان ہے۔
گزشتہ کچھ دنوں سے دہلی اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں دھوئیں اور دھند کی چادر تنی ہوئی دیکھی گئی ہے۔
بھارتی دارالحکومت میں اکتوبر سے فروری تک موسم سرما کے مہینوں کے دوران فضائی آلودگی کی بد ترین سطح دیکھی جاتی ہے۔ دہلی میں فضائی آلودگی کی وجوہات میں تعمیراتی کام اور مسمار کرنے کی سرگرمیاں، ہریانہ اورپنجاب کی ریاستوں میں کسانوں کی جانب سے فصل کی کٹائی کے بعد رہ جانے والی خشاک کو جلانا،اور گاڑیوں کی آلودگی شامل ہیں جن کا اکثر حوالہ دیا جاتا ہے۔
چین ، دارالحکومت بیجنگ میں سیاح دیوار چین کے موتیان یو حصے کا دورہ کررہے ہیں۔ (شِنہوا)
چین ، دارالحکومت بیجنگ میں سیاح دیوار چین کے موتیان یو حصے کا دورہ کررہے ہیں۔ (شِنہوا)
چین ، دارالحکومت بیجنگ میں دیوار چین کے موتیان یو حصے کا دلکش نظارہ۔ (شِنہوا)
بیجنگ (شِںہوا) کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی مرکزی کمیٹی کے جنرل سیکرٹری شی جن پھنگ نے مشترکہ مستقبل کے ساتھ انسانی معاشرے کی تعمیر کو فروغ دینے بارے اپنے عزم کا اظہار کیا ہے۔
اتوار کے روز شی جن پھنگ نے عظیم عوامی ہال میں پریس سے خطاب میں کہا کہ ہم دیگر تمام ممالک کے عوام کے ساتھ ملکر انسانیت کے امن، ترقی، شفافیت ، انصاف، جمہوریت اور آزادی کی مشترکہ اقدار کی حمایت کے لئے کام کریں گے تاکہ عالمی امن کو تحفظ اور عالمی ترقی کو فروغ دیا جاسکے اور مشترکہ مستقبل کے ساتھ انسانی معاشرے کی تعمیر فروغ پاسکے۔
اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ دنیا غیرمعمولی مشکلات کا شکار ہے، شی نے کہا کہ کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ نے دنیا کے لوگوں پر مستقل زور دیا ہے کہ وہ انسانیت کے مستقبل اور قسمت کو سمجھیں اور اس کی تشکیل کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جب تمام ممالک مشترکہ بھلائی کے مقصد کی پیروی کرتے ہیں تو ہم رواداری سے رہ سکتے ہیں، باہمی فائدے کے لئے تعاون کرسکتے ہیں اور دنیا کے روشن مستقبل کے لئے ایک ساتھ کام کرسکتے ہیں۔
بیجنگ (شِنہوا) کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی مرکزی کمیٹی کے جنرل سیکرٹری شی جن پھنگ نے کہا ہے کہ جماعت کو ہمیشہ عوامی خدمت کے لئے کام کرنا چاہئے اور مستقبل کے سفر میں عوام پر انحصار کرنا چاہئے۔
اتوار کے روز شی نے عظیم عوامی ہال میں پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ زمانے کی گرد، مشکل حالات اور تندوتیز موجوں سے خوفزدہ نہیں ہے، کیوںکہ عوام نے ہمیشہ اس کی پشت پناہی کی اور اعتماد دیا۔
شی نے کہا ان کی ترجیحات کو اپنی ترجیحات بناکر اور ان کی خواہشات پر عمل پیرا ہوکر ہم سخت محنت جاری رکھیں گے تاکہ ان کی خواہشات حقیقت کا روپ دھارسکیں۔
بیجنگ (شِںہوا) کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی مرکزی کمیٹی کے جنرل سیکرٹری شی جن پھنگ نے کہا ہے کہ چین باقی دنیا کے لیے اپنے دروازے مزید کھول دے گا۔
اتوار کے روز شی نے عظیم عوامی ہال میں پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ہم اصلاحات کو وسیع کرنے اور ہر شعبے میں کھلے پن بارے ثابت قدم رہیں گے، ایک خوشحال چین دنیا کے لئے کئی مواقع پیدا کرے گا۔
شی نے کہا کہ جس طرح چین دنیا سے الگ تھلگ رہ کر ترقی نہیں کرسکتا ،اسی طرح دنیا کو بھی اپنی ترقی کے لئے چین کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ 40 برس سے زائد عرصے سے جاری اصلاحات اور کھلے پن کی مدد سے چین میں تیز رفتار معاشی نمو اور طویل المیعاد سماجی استحکام کے 2 معجزے رونما ہوئے۔
شی نے کہا کہ چینی معیشت میں زبردست لچک اور صلاحیت موجود ہے، اس کے مضبوط بنیادی اصول تبدیل نہیں کئے جاسکتے اور یہ عرصہ دراز تک مثبت راہ پر رہیں گے۔
بیجنگ (شِنہوا) ایک چینی گروپ نے چین کے چانگ ای۔ 5 مشن کے ذریعےلائے گئے چاند کے نمونوں کا تجزیہ کیا ہے۔ انہوں نے یخ بستہ چاند پر 2 ارب سال قبل نئے آتش فشاں کی تشکیل بارے ایک تکنیکی پہلو کی وضاحت پیش کی ہے۔
اس سے قبل سائنسدانوں کا یہ خیال تھا کہ چاند کے اندرونی حصے میں پانی کے بلند مواد یا تابکار عناصر نے چاند کی زندگی کے آخری مراحل میں آتش فشاں کو جنم دیا ہو گا۔
تاہم چانگ ای ۔5 مشن کے اعداد و شمار کے مطابق اس کی بیرونی تہہ کے منبع والا خطہ نہ صرف خشک ہے بلکہ یہاں تپش پیدا کرنے والے مادے کی کمی ہے۔
سائنس ایڈوانسزجریدے میں شائع ہونے والی اس تحقیق سے ظاہر ہوتا ہے کہ چاند کی بیرونی تہہ کے نقطہ پگھلاؤ والےڈیپریشن پگھلنے کے قابل اور آسانی کے ساتھ پگھلنے والے اجزا کی موجودگی کی وجہ سے نئے قمری آتش فشاں کوجنم دے سکتے ہیں۔
چائنیز اکیڈمی آف سائنسزکے انسٹی ٹیوٹ برائے ارضیات اور جیو فزکس (آئی جی جی سی اے ایس ) کے محققین نے ان نمونوں کے اصل اجزاء کی چھان بین کے لیے چانگ ای۔ 5 کے ذریعے لائے گئے بیسالٹ کے 27 ٹکڑوں کی جانچ پڑتال کی ہے۔
انہوں نے دریافت کیا کہ چانگ ای۔5 کے ذریعے لائے گئے آتش فشانی مادے کے نمونوں میں کیلشیم آکسائیڈ اور ٹا ئٹینیم ڈائی آکسائیڈ مواد کی مقدار اپولو مشنز کے ذریعے واپس لائے گئے پرانے آتش فشانی مواد کے نمونوں کی نسبت زیادہ ہو سکتی ہے۔
چین کے چانگ ای۔ 5 تحقیقاتی مشن نے حیرت انگیز طور پر نئی آتش فشانی سرگرمی کا انکشاف کیا ہے جو کہ صرف 2 ارب سال قدیم ہے۔
اس سے یہ نظریہ مسترد ہوتا ہے کہ چاند اپالو کے لائے گئے نمونوں کی تشکیل کے کم از کم 3 ارب سال پہلے ارضیاتی طور پر مردہ ہو چکا تھا۔
بیجنگ (شِنہوا) کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی مرکزی کمیٹی کے جنرل سیکرٹری شی جن پھنگ نے اتوار کو بیجنگ کے عظیم عوامی ہال میں پریس کانفرنس کے دوران پارٹی کی نئی مرکزی قیادت کو پیش کردیا۔
انہوں نے کمیونسٹ پارٹی آف چا ئنہ کی 20 ویں مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کی قائمہ کمیٹی کے 6 نئے منتخب شدہ ارکان کو پیش کیا۔
ان میں لی چھیانگ، ژاؤ لی جی، وانگ ہو ننگ ، چھائی چھی، ڈنگ شوئے شیانگ اور لی شی شامل ہیں۔
چین، دارالحکومت بیجنگ کے عظیم عوامی ہال میں کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی مرکزی کمیٹی کے جنرل سیکرٹری شی جن پھنگ پریس سے خطاب کررہے ہیں۔ (شِںہوا)
چین، دارالحکومت بیجنگ کے عظیم عوامی ہال میں میٹ دی پریس میں کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی مرکزی کمیٹی کے جنرل سیکرٹری شی جن پھنگ اور کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی 20 ویں مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کی قائمہ کمیٹی کے نئے منتخب ارکان لی چھیانگ، ژاؤ لی جی، وانگ ہوننگ ، چھائی چھی، ڈنگ شوئے شیانگ اور لی شی موجود ہیں۔ (شِنہوا)
بیجنگ (شِںہوا) کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی مرکزی کمیٹی کے جنرل سیکرٹری شی جن پھنگ نے کہا ہے کہ جماعت کو آ ئندہ کے سفر میں ہمیشہ خود اصلاح کے ساتھ آگے بڑھنا چاہئے۔
شی نے اتوار کے روز عظیم عوامی ہال میں پریس سے خطاب میں کہا کہ ایک سیاسی جماعت کا ماضی کتنا ہی شاندار رہا ہو، یہ صرف اسی صورت میں ناقابل تسخیر بن سکتی ہے جب وہ خود اصلاح کے لئے پرعزم رہے۔
شی نے کہا کہ گزشتہ صدی کی انقلابی مشکلات ، ذہن سازی اور خاص طور سے نئے دور کے پہلے عشرے نے کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کو مضبوط اور زیادہ متحرک کردیا ہے۔
شی نے کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کے ارکان سے کہا کہ وہ چوکس رہیں اور آگے کے سفر میں نئی مشکلات اور آزمائشوں کا سامنا کرتے ہوئے سنجیدہ اور محتاط رہیں۔
شی نے مزید کہا کہ ہمیں یہ بات یقینی بنانی ہے کہ ہماری صدی پرانی اور دنیا کی سب سے بڑی جماعت خود اصلاحات سے مزید مضبوط ہوجائے اور یہ ریڑھ کی ہڈی بنی رہے جس پر چینی عوام ہمہ وقت اعتماد کرتے ہیں۔
بیجنگ (شِںہوا) شی جن پھنگ کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی 20 ویں مرکزی کمیٹی کے جنرل سیکرٹری منتخب ہوگئے ہیں۔ اعلامیہ کے مطابق ان کا انتخاب اتوار کو منعقدہ کمیٹی کے پہلے مکمل اجلاس میں ہوا۔
شی کی زیر صدارت اجلاس میں کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی 20 ویں مرکزی کمیٹی کے 203 ارکان اور 168 متبادل ارکان نے شرکت کی۔
شی کو کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کے مرکزی فوجی کمیشن کا چیئرمین بھی نامزد کیا گیا ہے۔
اجلاس میں شی جن پھنگ، لی چھیانگ، ژاؤ لی جی، وانگ ہوننگ ، چھائی چھی، ڈنگ شوئے شیانگ اور لی شی کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کی قائمہ کمیٹی کے ارکان منتخب ہوئے۔
اجلاس میں کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کے ارکان کا انتخاب بھی عمل میں آیا۔ جس نے کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کی قائمہ کمیٹی کے نامزد کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی مرکزی کمیٹی سیکریٹریٹ ارکان کی توثیق کی۔
اجلاس میں مرکزی فوجی کمیشن کے ارکان بھی نامزد کئے گئے۔
اجلاس نے 20 ویں مرکزی کمیشن برائے نظم و معائنہ کے پہلے مکمل اجلاس میں منتخب ہونے والے مرکزی کمیشن برائے نظم و معائنہ کے سیکرٹری، نائب سیکرٹریز اور ارکان کی منظوری دی۔
بیجنگ (شِنہوا) چین کی بیرونی خلا کے بارے میں تحقیقاتی لیبارٹری نے کیمپس میں بھرتی کا آغاز کردیا ہے۔
چائنہ نیشنل اسپیس ایڈمنسٹریشن (سی این ایس اے ) کے مطابق اس کا مقصد ملک کی بیرونی خلائی تحقیق کے لیے خود کو وقف کرنے والے مزید نوجوانوں کی صلاحیتوں کو راغب کرنا ہے۔
چائنہ نیشنل اسپیس ایڈمنسٹریشن، صوبہ انہوئی اور چین کی یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے تعاون سے قائم کی گئی اس لیبارٹری کا صدر دفتر انہوئی کے دارالحکومت ہیفے میں ہے۔ اس لیبارٹری نے رواں سال جون میں کام کا آغاز کیا تھا۔
بنیادی طور پر یہ بھرتی سال 2023 کے گریجویٹس کے لیے ہے۔ مجموعی طور پر کمپیوٹنگ ، آٹومیشن، ہوائی جہاز اور مصنوعی ذہانت کے لئے کل 36 آسامیاں مختص کی گئی ہیں، جو کہ بنیادی مضامین خلائی سائنس، ایرو اسپیس سائنس اور ٹیکنالوجی، ائیر کرافٹ ڈیزائن، کمپیوٹنگ ، مصنوعی ذہانت اور آٹومیشن جیسے شعبوں کے لیے کھلی ہیں۔
اس لیبارٹری نے اپنے قیام کے بعد سے چاند اور مریخ کی تحقیقاتی مہمات سمیت بیرونی خلا بارے تحقیق کے بڑے قومی منصوبوں پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے سائنس اور ٹیکنالوجی کےشعبوں میں تحقیق کی ہے۔
تھائی لینڈ (شِںہوا) چھائی یا پھوم میں وِنڈ ٹربائنز ہوا سے بجلی پیدا کرنے کے ایک منصوبے کا حصہ ہیں۔ یہ تھائی لینڈ میں ایک چینی کمپنی چلارہی ہے۔
یہ منصوبہ تھائی لینڈ میں بجلی پیدا کرنے والے ادارے کے زیرانتظام بڑی نئی توانائی کمپنی ای جی سی او نے لگایا ہے،جس کے لئے چین کی گولڈ ونڈ نے ٹربائن فراہم کئے ہیں جن کی مجموعی نصب شدہ صلاحیت 80 میگاواٹ ہے۔
تھائی لینڈ ، چھائی یا پھوم میں چین کی گولڈ ونڈ کے فراہم کردہ ونڈ ٹربائن دیکھے جا سکتے ہیں۔ (شِنہوا)
تھائی لینڈ ، چھائی یا پھوم میں چین کی گولڈ ونڈ کے فراہم کردہ ونڈ ٹربائن دیکھے جا سکتے ہیں۔ (شِنہوا)
تھائی لینڈ ، چھائی یا پھوم میں چین کی گولڈ ونڈ کے فراہم کردہ ونڈ ٹربائن دیکھے جا سکتے ہیں۔ (شِنہوا)
تھائی لینڈ ، چھائی یا پھوم میں چین کی گولڈ ونڈ کے فراہم کردہ ونڈ ٹربائن دیکھے جا سکتے ہیں۔ (شِنہوا)
بیجنگ (شِںہوا) کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کے 20 ویں مرکزی کمیشن برائے نظم ومعائنہ کے پہلے مکمل اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے۔
لی شی کی زیرصدارت اتوار کو بیجنگ میں منعقدہ اجلاس میں اعلامیہ کی منظوری دی گئی۔
مکمل اجلاس میں کمیشن نے اپنے سیکرٹری، ڈپٹی سیکرٹریز اور قائمہ کمیٹی کے ارکان کا انتخاب کیا اور انتخابی نتائج منظوری کے لئے کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی مرکزی کمیٹی کو بھیج دیئے۔
20 ویں مرکزی کمیشن برائے نظم و معائنہ کے اجلاس میں 133 میں سے 132 ارکان شریک ہوئے۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی)ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے متعلق کی جانے والی پہلی پیشگوئی غلط ثابت ہو گئی،ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے جارح مزاج بلے باز کرس گیل نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے فائنل کے لیے آسٹریلیا اور ویسٹ انڈیز کی ٹیموں کو فیورٹ قرار دیا تھا،کرس گیل کی پیشگوئی کو ان ہی کے ملک کی ٹیم نے غلط ثابت کر دیا، یاد رہے کہ بھارتی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے جارح مزاج بلے باز کرس گیل نے کہا تھا کہ مجھے لگتا ہے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا فائنل میزبان آسٹریلیا اور ویسٹ انڈیز کے درمیان کھیلا جائے گا،انہوں نے کہا تھا کہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم کے لیے یہ بہت مشکل ہے، کیوں کہ ٹیم کا کپتان نیا ہے اور ٹیم میں کیرون پولارڈ، آندرے رسل اور ڈوائن براوو جیسے کھلاڑی بھی نہیں ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
قومی کرکٹ ٹیم کے آل راونڈر عماد وسیم نے کہا ہے کہ بابر اعظم کی بس شکل ہی معصوم ہے،نجی ٹی وی پروگرام میں میزبان کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے عماد وسیم نے شکوہ کیا کہ سلیکشن کے معاملے میں میرے ساتھ زیادتی ہوئی ہے،عماد وسیم کا ایک سوال کے جواب میں کہنا تھا کہ میری بیوی کو مجھ پر شک نہیں ہوتا،انہوں نے قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم سے متعلق کہا کہ اس کی صرف شکل ہی معصوم ہے،قومی کر کٹر نے یہ بھی کہا کہ ٹیم کی کوشش ہونی چاہیے کہ ورلڈ کپ جیتیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
عرفات منہاس کو ٹیم آف دی پاکستان جونیئر لیگ کے کپتان مقرر کیاگیا ہے،ٹیم آف دی پاکستان جونیئر لیگ میں چیمپئن بہاولپور رائلز کے 5 اور گوادر شارکس کے 3 کھلاڑی شامل ہیں،مردان وارئیرز اور گوجرانوالا جائنٹس کے 2،2کھلاڑی ٹیم کا حصہ بنے ہیں جب کہ باسط علی، طیب عارف اور شیون ڈینئیل بھی ٹیم میں شامل ہیں،اس کے علاوہ مارٹن بین کنسٹین، حسیب خان، عرفات منہاس، ارحم نواب، شاویز عرفان ، عابد اللہ ، محمد اسماعیل اور 12ویں کھلاڑی میتھیو ٹرامپ بھی ٹیم کا حصہ ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سپر 12 مرحلے کے لیے کوالیفائی کرنے کے بعد سکندر رضا کی دیگر زمبابوین کھلاڑیوں کے ساتھ جشن کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے،گزشتہ روز زمبابوے نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے کوالیفائنگ رائونڈ میں اسکاٹ لینڈ کو شکست دیکر سپر 12 مرحلے کے لیے کوالیفائی کیا تھا،زمبابوے کی جیت میں سکندر رضا اور کپتان گریک ایورائن نے اہم کردار ادا کیا تھا اور شاندار آل رائونڈ پرفارمنس پر سکندر رضا کو میچ کا بہترین کھلاڑی بھی قرار دیا گیا تھا،بعدازاں زمبابوین ٹیم کی جانب سے ڈریسنگ روم میں سپر 12 مرحلے کے لیے کوالیفائی کرنے پر جشن منایا اور مقامی گانے پر رقص کیا، جشن کے موقع پر پاکستان سے تعلق رکھنے والے سکندر رضا کی بھنگڑا ڈالنے ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
ئرلینڈ ویمنز کے خلاف سیریز کے لیے قومی خواتین اسکواڈ کا اعلان کر دیا گیا،تفصیلات کے مطابق آئرلینڈ کے خلاف سیریز کے لیے قومی ویمن اسکواڈ کا اعلان ہو گیا، 15 رکنی اسکواڈ میں فاطمہ ثنا کی واپسی ہوئی ہے جب کہ ڈیانا بیگ انجری کے باعث اسکواڈ میں شامل نہیں ہیں،قومی ویمنز ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کی قیادت بسمہ معروف کریں گی، ون ڈے اسکواڈ میں کھلاڑیوں میں ایمن انور، عالیہ ریاض، فاطمہ ثنا، غلام فاطمہ اور کائنات امتیاز شامل ہیں،ون ڈے اسکواڈ کی دیگر کھلاڑیوں میں منیبہ علی، نشرہ سندھو، ندا ڈار، عمیمہ سہیل، صدف شمس، سعدیہ اقبال، سدرہ امین، سدرہ نواز اور امِ ہانی بھی شامل ہیں،ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں کپتان بسمہ معروف سمیت ایمن انور، عالیہ ریاض اور عائشہ نسیم، فاطمہ ثنا، جویریہ خان، کائنات امتیاز، منیبہ علی، ندا ڈار، عمیمہ سہیل اور نشرہ سندھو، صدف شمس، سعدیہ اقبال، سدرہ امین اور طوبہ حسن شامل ہیں،سیریز میں تین ٹی ٹوئنٹی اور تین ون ڈے میچز 4 سے 16 نومبر تک قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
ٹی 20 ورلڈ کپ کے سپر 12 مرحلے کے پہلے میچ میں آسٹریلوی بولر کے خلاف نیوزی لینڈ کے اوپنر بلے باز فن ایلن نے دھواں دار بیٹنگ کی،آئی سی سی نے اپنے فیس بک اکائونٹ پر پہلے اوور کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ فن ایلن نے سپر بارہ مرحلے کا ایک پرفیکٹ آغاز کر دیا ہے،فن ایلن نے آتے ہی آسٹریلوی بولرز کو مشکل میں ڈال دیا اور زبردست چھکے اور چوکے مارے، انھوں نے محض 16 گیندوں پر 5 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 42 رنز بنائے،فن کو آسٹریلوی بولر جوش ہیزل ووڈ نے ایک خوب صورت یارکر گیند سے بولڈ کر کے پویلین لوٹایا، فن ایلن کے آئوٹ ہونے سے آسٹریلوی ٹیم نے کچھ سکھ کا سانس لیا،تاہم، نیوزی لینڈ کے دیگر کھلاڑیوں ڈیون کانوائے اور کین ولیمسن نے کریز پر جم کر 13 اوورز میں ہی اسکور 125 تک پہنچا دیا ہے، کین کو آدم زمپا نے 23 رنز پر ایل بی ڈبلیو آئوٹ کر دیا، دوسری طرف ڈیون کانوائے شان دار ففٹی بنا چکے ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
ٹی 20ورلڈ کپ، پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں ( آج)کو آمنے سامنے ہوں گی،آئی سی سی مینز ٹی 20ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم اپنی مہم کا آغاز ( آج)اتوار کوروایتی حریف بھارت کے خلاف میچ سے کرے گی، اسی روز دوسرا میچ سری لنکا اور آئرلینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا، ٹی 20ورلڈ کپ کے دلچسپ مقابلے آسٹریلیا میں جاری ہیں، میگا ایونٹ میں ( آج)اتوار کو گروپ ٹو کے میچ میں پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں میلبورن کرکٹ گرائونڈ میں آمنے سامنے ہوں گی،مایہ ناز بیٹر بابر اعظم پاکستان کو لیڈ کریں گے جبکہ دیگر نمایاں کھلاڑیوں میں محمد رضوان، شاہین شاہ آفریدی، شاداب خان، محمد نواز اور حارث رئوف شامل ہیں،بھارتی ٹیم جارح مزاج بیٹر روہیت شرما کی قیادت میں میدان میں اترے گی اور اسے تجربہ کار بیٹر ویرات کوہلی، ہارڈیک پانڈیا، بھونیشور کمار، سوریا کمار یادیو کی خدمات حاصل ہوں گی، اس سے قبل گروپ ون کا میچ سری لنکا اور آئرلینڈ کے درمیان ہوبارٹ میں کھیلا جائے گا،پاکستانی ٹیم اپنا دوسرا گروپ میچ 27 اکتوبر کو زمبابوے، 30 اکتوبر کو نیدرلینڈز، 3 نومبر کو ساتھ افریقہ اور 6 نومبر کو بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے گی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
اسلام آباد کی عدالت نے سارہ انعام قتل کیس میں مرکزی ملزم شاہنواز امیر کی والدہ ثمینہ شاہ کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا،اسلام آباد ڈسٹرکٹ سیشن کورٹس میں سارہ انعام قتل کیس کی سماعت کے موقع پر نامزد ملزمہ ثمینہ شاہ 2روزہ جسمانی ریمانڈ ختم ہونے پر عدالت میں پیش ہوئیں،سینئر سول جج محمد عامر عزیر نے کیس کی سماعت کی، اس موقع پر پولیس کی جانب سے ملزمہ کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کی استدعا کی گئی تھی،صحافی ایاز امیر کی بہو سارہ انعام کے قتل کے کیس میں ملزم شاہ نواز امیر کی والدہ ثمینہ شاہ کی ضمانت خارج ہونے پر پولیس نے 19اکتوبر کو انہیں گرفتار کیا تھا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
خیبر پختونخوا میں فائرنگ کے 2 مختلف واقعات میں دو پولیس اہلکار جان کی بازی ہار گئے،چارسدہ کے علاقے ترنگزئی مفتی آباد میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے پولیس کانسٹیبل بلال شہید ہوگیا، وہ منڈا ہیڈ میں تعینات تھے اور موٹر سائیکل پر اسپیشل ڈیوٹی کے لیے چارسدہ جا رہے تھے کہ ان پر فائرنگ کی گئی،واقعے کے بعد ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے جبکہ پولیس اہلکار کی لاش کو قانونی کارروائی اور پوسٹ مارٹم کے لیے ڈی ایچ کیو ہسپتال چارسدہ منتقل کر دیا گیا،پولیس نے علاقے میں سرچ آپریشن کرتے ہوئے شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر ناکہ بندی سخت کردی،دوسری جانب جنوبی وزیرستان میں اعظم ورسک پولیس تھانے پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کی، پولیس اور سیکورٹی فورسز نے نامعلوم مسلح حملہ آوروں پر جوابی فائرنگ کی، اس دوران پولیس محرر فضل ملک شہید ہو گئے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
وزیرریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ کسی کی نااہلی یاگرفتاری پرشادیانے بجانا نامعقول کام ہے، ہفتہ کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر عمران خان کی نااہلی کے فیصلے پر اپنے بیان میںوزیرریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ کسی کی نااہلی یاگرفتاری پرشادیانے بجانا نامعقول کام ہے، عمران کی نااہلی پر افسوس ہے مگر مخالفین کو پھانسنے کے جال انہی نے بنے،سعد رفیق کا کہنا تھا کہ ہرغلط کام عمران نے خود کیا ،کرایا اوراس کا گند دوسروں پراچھالا، اقتدار کیلئے بنائے گئے بیانیے کے مکروہ کھیل کے بینیفشری عمران نیازی ہی تھے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
اسلام آباد کی عدالت نے پی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی کی ضمانت کا تحریری فیصلہ جاری کردیا،اسپیشل جج سینٹرل راجہ آصف محمود نے 6 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کردیا جس میں کہا گیا ہے کہ بغاوت پراکسانیکی دفعات کے تحت کیس میں مزید انکوائری کی ضرورت ہے، ٹرائل میں شواہد ریکارڈ کرنے کے بعد ثابت ہوگا کہ پٹیشنر کا ٹوئٹ کرنے کا مقصد اور ارادہ کیا تھا،فیصلے میں کہا گیا ہے کہ ملزم کی عمر 74سال ہے اور کوئی سابقہ مجرمانہ ریکارڈ نہیں، اس لیے اعظم سواتی کی 10لاکھ روپے کے مچلکوں پر ضمانت منظورکی جاتی ہے، اعظم سواتی اپنا اوریجنل پاسپورٹ تاحکم ثانی عدالت میں جمع کرائیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل حسن اظہر حیات نے جنوبی وزیرستان کا دورہ کیا ہے جہاں انہوں نے سراروغہ میں محسود جرگہ کے دوران قبائلی عمائدین سے ملاقات کی،کور کمانڈر پشاور نے قبائل کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان قربانیوں کی بدولت دہشت گردوں کے خلاف بے مثال کامیابیاں ممکن ہوئیں،پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر )کے مطابق کورکمانڈر پشاور نے اس موقع پر کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں لوگ سکیورٹی فورسز کے ساتھ مل کر لڑے ہیں، پاک فوج سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے جاری کوششوں میں ہر ممکن مدد فراہم کرے گی،آئی ایس پی آرکے مطابق قبائلی عمائدین کی جانب سے امن کی بحالی پر پاک فوج سے اظہارتشکرکرتے ہوئے سکیورٹی فورسز کو غیرمتزلزل حمایت کی یقین دہانی کرائی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی)عمران خان نے الیکشن کمیشن کی جانب سے نااہل قرار دئیے جانے کا فیصلہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا،تفصیلات کے مطابق عمران خان کی جانب سے بیرسٹر علی ظفر نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کے پاس کرپٹ پریکٹسز، نااہلی کا فیصلہ کرنے کا اختیار نہیں تھا،درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے توشہ خانہ ریفرنس کیس کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے اور کیس کی سماعت بھی آج ہی کی جائے، اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست الیکشن کمیشن کے فیصلے کی کاپی کے بغیر ہی دائر کی گئی ہے، فیصلے کی کاپی فراہم کرنے کے لیے دی جانے والی درخواست کی کاپی ساتھ منسلک ہے،دریں اثنا رجسٹرار اسلام آباد ہائی کورٹ اسد خان نے عمران خان کی درخواست پر اعتراضات عائد کردیے جن میں کہا گیا ہے کہ عمران خان نے بائیو میٹرک نہیں کرائی جبکہ پٹیشن کے ساتھ غیر مصدقہ کاپی منسلک ہے،رجسٹرار آفس کے اعتراض میں مزید کہا گیا ہے کہ اس کیس میں کوئی جلدی نہیں جو آج سننا ضروری ہے،دوسری جانب عمران خان کے وکیل علی محمد بخاری نے الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن نے عمران خان کی نا اہلی کا فیصلہ دیا، گزشتہ روز بھی تفصیلی فیصلہ حاصل کرنے کے لیے الیکشن کمیشن سے رابطہ کیا، تاہم ابھی تک الیکشن کمیشن نے تفصیلی فیصلے کی کاپی فراہم نہیں کی،وکیل علی محمد بخاری نے کہا کہ قانون کے مطابق فیصلہ سناتے ہی فریقین کو تصدیق شدہ کاپی دی جاتی ہے، الیکشن کمیشن کا لیگل ونگ کہہ رہا ہے کہ فیصلے پر ممبر کے دستخط نہیں ہوئے،انہوں نے الزام عائد کیا کہ الیکشن کمیشن قانون کے خلاف جاکر اقدامات کر رہا ہے جو بدقسمتی ہے،عمران خان کے وکیل نے مطالبہ کیا کہ الیکشن کمیشن کے اقدامات پر قانونی کارروائی ہونی چاہیے، میں ایک گھنٹے سے الیکشن کمیشن کے باہر موجود ہوں لیکن کچھ نہیں بتایا جارہا، انہوں نے سوال کیا کہ ایک ممبر کے دستخط نہیں تو فیصلہ متفقہ کیسے کہا جاسکتا ہے؟۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
عمران خان کی نااہلی کے خلاف تحریک انصاف کے کارکنوں کے احتجاج کے دوران سکیورٹی اہلکاروں اور انتظامیہ پر پتھرا ئوکرنے کے الزام میں پی ٹی آئی رہنمائوں انسداد دہشتگردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا،تحریک انصاف کی مقامی قیادت کے خلاف انسداددہشت گردی کا مقدمہ درج سرکار کی مدعیت میں تھانہ آئی نائن میں درج کیا گیا ہے، مقدمے میں عامر کیانی، قیوم عباسی، فیصل جاوید، راجہ راشد حفیظ کو نامزد کیا گیا ہے،اس کے علاوہ عمر تنویر بٹ، راشد نسیم عباسی اور راجہ ماجد کو بھی مقدمے میں نامزد کیا گیا ہے،ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا ہے کہ تحریک انصاف کے کار کنوں نے پولیس، ایف سی اور انتظامیہ پر پتھرا ئوکیا، پتھرا ئوسے متعدد پولیس اور ایف سی اہلکار زخمی ہوئے،مقدمہ میں کہا گیا ہے کہ مظاہرین نے قتل کی نیت سے پولیس اہلکاروں پر گاڑیاں چڑھانے کی کوشش کی، فیض آباد سمیت قریبی علاقوں میں درختوں کو آگ لگائی اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ نئے سینما گھروں کے قیام، بحالی اور فنکاروں کو مراعات دینے کے لیے اقدامات اٹھائے ہیں، تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب سے ترکیہ کی فلمی صنعت کے نمائندہ وفد نے ملاقات کی۔ دونوں ممالک کے درمیان ڈرامہ اور فلمی صنعت میں تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا گیا،پاکستانی فلموں کی نمائش کے لیے ترکیہ میں فلمی میلے میں پاکستان کی شرکت کا اعلان بھی کیا گیا۔ ملاقات میں پاکستان میں جدید ترین فلم پروسیسنگ لیب کے قیام میں تعاون اور ترکیہ یونیورسٹیوں کے ساتھ تعلیمی نصاب میں فلم سازی اور اداکاری کے مضامین شامل کرنے پر بھی اتفاق ہوا، مریم اورنگزیب نے کہا کہ آئندہ ہفتے ترکیہ میں فلمی میلے کے حوالے سے اجلاس ہو گا جس میں تاریخ کا تعین ہو گا۔ پاکستان میں تیار ہونے والی 3نئی فلمیں فیسٹیول میں پیش کی جا سکتی ہیں،انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ منصوبوں کے لیے فزیبلٹی تیار کی جائے گی۔ 1970 کی دہائی میں پاکستان دنیا کا تیسرا سب سے بڑا فلم بنانے والا ملک تھا تاہم 2008 میں فلم صنعت کی بحالی کا کام شروع ہوا اور ملکی تاریخ کی پہلی فلم اینڈ کلچر پالیسی تشکیل دی گئی،مریم اورنگزیب نے کہا کہ فلمی صنعت کو ٹیکس میں استثنی اور نئی فلمیں بنانے کے لیے مالی معاونت کی سہولت دی گئی جبکہ پاکستان میں فلموں کی تیاری پر 70 فیصد تک ٹیکس میں رعایت دی گئی،انہوں نے کہا کہ فلم کی کہانی، معیار، جدید ٹیکنالوجی کا استعمال قومی فلم پالیسی کا حصہ ہے اور نئے سینما گھروں کے قیام، بحالی اور فنکاروں کو مراعات دینے کے لیے اقدامات اٹھائے ہیں۔ بین الاقوامی ورکشاپس میں بہترین ساکھ کے حامل پروڈیوسرز کو بلائیں گے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
بھارت کے شہر حیدرآباد میں دو ماہ پہلے شادی کرنے والے نوجوان ڈاکٹرز گھر کے باتھ روم میں مردہ حالت میں پائے گئے،بھارتی میڈیا کے مطابق اس بات کا شبہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ باتھ روم کے گیزر سے بجلی کے تار کے کنکشن ٹکرانے اور کرنٹ کے باعث دونوں افراد کی موت ہوئی،22 سالہ مرنے والی لڑکی کے والد کا کہنا تھا کہ ہم کھڑکیوں کے ذریعے گھر میں داخل ہوئے، جہاں بیٹی اور داماد کو مردہ حالت میں پایا،کیس کی تفتیش کرنے والی بھارتی پولیس کا کہنا تھا کہ لگتا ہے کہ شوہر بیوی کو بچانے گیا تھا تاہم دونوں کرنٹ کے باعث انتقال کر گئے،واقعے میں مرنے والے 26سالہ نثار الدین کے والد کا کہنا تھا کہ لگتا یہی ہے کہ بیٹا اپنی بیوی کو کرنٹ سے بچانے گیا تاہم وہ بھی اس کی زد میں آگیا،پولیس کا کہنا تھا کہ صائمہ میڈیکل کالج کے فائنل ایئر میں تھی جبکہ 26سالہ نثار الدین کورنمنٹ میڈیکل کالج میں کام کرتا تھا،بھارتی میڈیا کے مطابق لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
افغان دارالحکومت کابل میں سیکیورٹی فورسز نے جانب سے آپریشن کیا گیا جس میں داعش کے 6 جنگجو مارے گئے،غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق کابل میں سیکیورٹی فورسز نے گزشتہ رات داعش کے خلاف آپریشن کیا تھا، ہلاک داعش جنگجو گزشتہ ہفتوں میں کابل میں دو بڑے حملوں میں ملوث تھے،طالبان حکام کا کہنا تھا کہ داعش کے خلاف آپریشن میں سیکیورٹی فورسز کا ایک اہلکار بھی ہلاک ہوا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
برطانیہ کا اگلاوزیراعظم بننے کی دوڑ نتیجہ خیز مرحلے میں داخل ہوگئی،رشی سونک نے وزیراعظم کا امیدوار بننے کے لیے مطلوبہ اراکین کی حمایت حاصل کرلی،103کنزرویٹیو اراکین پارلیمنٹ نے رشی سونک کا ساتھ دینے کا اعلان کردیا جب کہ سابق وزیراعظم بورس جانسن اب بھی دوڑ میں شامل رہنے پر بضد ہیں اور وہ بیرون ملک تعطیلات ادھوری چھوڑ کر برطانیہ واپس آگئے ہیں،اس کے علاوہ پینی مورڈنٹ کا ستارہ اس بار بھی روشن نہ ہوسکا اور وہ چند اراکین کی حمایت ہی حاصل کر سکیں،کنزرویٹیو پارٹی کے نئے لیڈر کے انتخاب کا عمل 28 اکتوبر کو مکمل ہوگا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
امریکا نے بھی فیٹف کے سلسلے میں پاکستان کی کوششیں تسلیم کر لی ہیں،تفصیلات کے مطابق پاکستان کے ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے باہر آنے پر امریکی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ امریکا پاکستان کی کوششوں اور پیش رفت کو تسلیم کرتا ہے،امریکی وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ اینٹی منی لانڈرنگ اور کاونٹر فنانس ٹیررازم کے خلاف اقدامات جاری رکھنے کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں،وزارت خارجہ نے کہا کہ پاکستان نے ایف اے ٹی ایف اہداف میں کمی کو پورا کیا، اور اس کے بعد ہی وہ گرے لسٹ سے باہر نکلا ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
جارجیا میلونی اٹلی کی پہلی خاتون وزیرِ اعظم منتخب ہو گئیں،تفصیلات کے مطابق جارجیا میلونی نے اٹلی کا نیا حکومتی اتحاد تشکیل دے دیا ہے، دوسری جنگ عظیم کے خاتمے کے بعد سے یہ اٹلی میں پہلی بار انتہائی دائیں بازو کی قیادت والی حکومت ہے، جب کہ میلونی ملک کی پہلی خاتون وزیر اعظم بن گئی ہیں،نئی کابینہ میں 6 خواتین وزرا بھی شامل ہیں، اٹلی کی نو منتخب وزیرِ اعظم اور کابینہ کے اراکین آج حلف اٹھائیں گے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی