بیجنگ (شِںہوا) چین نے جدید ریلوے کے بنیادی ڈھانچے کی تعمیر کے لئے کوششیں تیز کی ہیں جس کے سبب رواں سال کی پہلی سہ ماہی میں ریلوے کے مقررہ اثاثہ جات سرمایہ کاری میں 6.6 فیصد اضافہ ہوا۔
چائنہ اسٹیٹ ریلوے گروپ کمپنی لمیٹڈ کے مطابق ریلوے میں مقررہ اثاثہ سرمایہ کاری مجموعی طور پر 113.55 ارب یوآن (تقریباً 16.5 ارب امریکی ڈالرز) ہوگئی۔
گروپ نے کہا کہ اس عرصے میں تیز رفتار ریلوے کی تین مرکزی لائنز کے لئے ٹریک بچھانے کا کام مکمل ہوا ۔ اس کے علاوہ زیرتعمیر متعدد اہم منصوبوں میں پیشرفت ہوئی ہے۔
گروپ نے کہا کہ وہ ریلوے نیٹ ورک کی رسائی اور کوریج بہتر بنانے کا سلسلہ جاری رکھے گا اور معیشت و معاشرے کی مربوط ترقی میں خدمات بہتر کرنے کے لئے علاقائی رابطوں کو فعال طریقے سے فروغ دے گا ۔
پشاور (شِنہوا) پاکستان میں جوتے ساز پشاور میں آمدہ عید الفطر کے لئے روایتی جوتے (جو مقامی زبان میں "چپلی" کہلاتی ہے) بنانے میں مصروف ہیں۔
خالص چمڑے اور مختلف رنگوں میں تیار کردہ یہ جوتے ملک کے کئی حصوں خاص طور پر شہری نوجوانوں میں بہت مقبول ہیں۔
پشاور ، ایک شخص روایتی جوتے شیلف میں رکھ رہا ہے۔(شِںہوا)
پشاور ، ایک کارخانے میں جوتے دیکھے جاسکتے ہیں۔ (شِںہوا)
پشاور ، ایک جوتا ساز روایتی جوتے بنارہا ہے ۔(شِنہوا)
پشاور ، ایک مزدور چمڑے سے بنے جوتے لیکر جارہا ہے ۔(شِنہوا)
پشاور ، ایک جوتا ساز روایتی جوتے بنارہا ہے۔(شِنہوا)
بیجنگ(شِنہوا) چین کے جنوبی صوبے ہائی نان میں ملکی اورغیر ملکی مریضوں کو عالمی معیارکی طبی خدمات فراہم کرنے والے ایک خصوصی طبی زون میں علاج معالجے کی غرض سے آنے والے طبی سیاحوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔
چائنہ ڈیلی کی پیر کی ایک رپورٹ کے مطابق ملک کے پہلے اور واحد خصوصی میڈیکل زون، بوآؤ لیچھینگ انٹرنیشنل میڈیکل ٹورازم پائلٹ زون میں رواں سال کے پہلے دو ماہ میں 34ہزار سے زائد طبی سیاح آئے جوگزشتہ سال کے مقابلے میں 37 فیصد سے زیادہ ہے۔ اخبار کے مطابق 2013 میں قائم اس زون میں درآمدی طبی آلات اور ادویات کی منظوری، کسٹم کلیئرنس، استعمال اور نگرانی کو بہتر بنانے کے لیے خود مختار ریگولیٹری نظام قائم ہے جہاں پر درآمدی ادویات کے لیے انشورنس میں موجود خلا کو پر کرنے کے لیے اپنا انشورنس سسٹم متعارف کرایاگیا ہے۔
زون کی انتظامیہ کے ایک عہدیدار یان لوکائی کے حوالے سے بتایا گیا کہ لیچھینگ میں بیرون ملک لائسنس یافتہ طبی آلات اور ادویات کا استعمال کیا جارہا ہے جو تاحال باقی چین میں نہیں، اور یہ زون مریضوں کو بین الاقوامی معیار کی جدید تشخیص اور علاج فراہم کر رہا ہے۔
غزہ شہر کی مقامی مارکیٹ میں رمضان المبارک کے دوران ایک دکاندار روایتی مٹھائی تیار کررہا ہے۔ (شِنہوا)
چین ، جنوب مغربی صوبہ سیچھوان کے شہر لی شان کی کاؤنٹی جیان وائی کے لیانگ شوئی تو اسٹیشن کے اطراف سیاح تفریح میں مصروف ہیں۔(شِنہوا)
چین ، شمالی شہر تیان جن کے ضلع جی ژو کے قصبہ شیا ینگ کے گاؤں توان شان زی کے ایک تھیم پارک میں سیاح تفریح کررہے ہیں۔ (شِںہوا)
چین ، جنوب مغربی صوبہ سیچھوان کے شہر لی شان کی کاؤنٹی جیان وائی کے لیانگ شوئی تو اسٹیشن سے بھاپ کے انجن سے چلنے والی ٹرین گزرہی ہے۔ (شِنہوا)
چین ، شمالی شہر تیان جن کے ضلع جی ژو کے قصبہ شیا ینگ کے گاؤں توان شان زی کے ایک باغ میں سیاح تفریح کررہے ہیں۔ (شِںہوا)
شنگھائی (شِنہوا) امریکی کارساز ٹیسلا انکارپوریٹڈنے شنگھائی میں نئی میگا فیکٹری تعمیر کرنے کا اعلان کیا ہے جو صرف کمپنی کے انرجی اسٹوریج پراڈکٹ میگا پیک کی تیاری کے لئے مخصوص ہو گی۔
ٹیسلا نے شنگھائی میں منصوبے کی دستخظی تقریب کے موقع پر کہا کہ نئے پلانٹ کا رواں سال کی تیسری سہ ماہی میں افتتاح ہو گا جبکہ 2024 کی دوسری سہ ماہی میں پیداوار کا آغاز ہو گا۔
ابتدائی طور پر نئی فیکٹری میں ہر سال 10 ہزار میگا پیک یونٹس تیار کئے جائیں گے جو کہ انرجی اسٹوریج کے تقریباً 40 گیگا واٹ گھنٹے کے برابر ہے۔
یہ مصنوعات دنیا بھر میں فروخت کی جائیں گی۔
یمنی باغی گروپ کے ترجمان کے مطابق سعودی عرب نے13 حوثی قیدیوں کو رہا کر دیا ہے،عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق یہ رہائی ایسے وقت کی گئی جب عمانی حکام یمن کے دارالحکومت صنعا پہنچے ، یمن کے برسوں سے جاری تنازع کو ختم کرنے کی بین الاقوامی کوششوں کے تناظر میں رہائی کو خوش آئند قرار دیا جارہا ہے،قیدیوں کے تبادلے کی بات چیت کے انچارج حوثی عہدیدارعبدالقادر المرتضی نے سماجی روابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کہا کہ 13حوثی قیدی صنعا پہنچ چکے ہیں،انہوں نے کہا کہ قیدیوں کو ایک سعودی قیدی کے بدلے رہا کیا گیا ہے جسے حوثیوں نے پہلے رہا کیا تھا لیکن انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ باغیوں نے سعودی قیدی کو کب رہا کیا،دوسری جانب سعودی حکومت کی جانب سے فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا۔ علاوہ ازیں عبدالقادر المرتضی نے کہا سعودی جیلوں سے رہا ہونے والے قیدی اقوام متحدہ کے ذریعے طے پانے والے معاہدے کا حصہ ہیں، اور آئندہ جمعرات کو اس معاہدے پر مکمل عمل درآمد کیا جائے گا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
تیونس میں تارکین وطن کی 2کشتیاں ڈوبنے سے 4افراد ہلاک اور 23لاپتہ ہوگئے جب کہ 40کو بچالیا گیا،عالمیمیڈیا کی رپورٹ کے مطابق تیونس کا ساحل تارکین وطن کے لیے موت گھاٹ بن گیا جہاں صرف ایک ماہ میں 7کشتیاں ڈوبنے کے واقعات رونما ہوچکے ہیں جن میں مجموعی ہلاکتوں کی تعداد 100سے تجاوز کرگئی ہے،صرف دو روز میں تارکین وطن کی دو مزید کشتیاں ڈوب گئیں، پہلے واقعے میں کشتی میں 37افراد سوار تھے جن میں سے 17کو بچالیا گیا تاہم 20تاحال لاپتہ ہیں،گزشتہ روز ڈوبنے والی کشتی میں 40سے زائد تارکین وطن سوار تھے جن میں سے 4کی لاشیں مل گئیں، 36کو ریسکیو کرلیا گیا تاہم 3افراد تاحال لاپتہ ہیں،واضح رہے کہ گزشتہ ماہ تارکین وطن کی کشتیاں ڈوبنے کے واقعات میں ہلاک ہونے والوں میں پاکستانی شہری بھی شامل تھے جن میں ایک خواتین کی قومی فٹبال ٹیم کی کھلاڑی بھی شامل ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
رمضان کا آخری عشرہ ، مسجد نبوی میں 4ہزار 200مرد و خواتین اعتکاف بیٹھ گئے ،عرب میڈیاکے مطابق مرد معتکفین کے لیے مسجد نبوی کی مغربی چھت مختص کی گئی، مرد معتکفین باب نمبر چھ اور داخلی سیڑھیوں اور باب نمبر 10کو آمد و رفت کے لیے استعمال کریں گے،خواتین معتکفات کے لیے مسجد نبویۖ کے شمال مشرقی حصے اور داخلے کے لیے باب 24اور 25مختص کیے گئے ہیں،مسجد نبوی کے امور کی کمیٹی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ معتکفین کے لیے سحری اور افطاری میں طعام اور مشروبات کا بندوبست کیا گیا ہے اور طبی سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی،علاوہ ازیں معتکفین کو ان کی زبانوں میں دینی دروس دینے کا انتظام بھی کیا گیا ہے تاکہ وہ اس عبادت کے زیادہ سے زیاد فیوض ھاصل کر سکیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
حزب اللہ اور حماس کے رہنمائوں نے اسرائیل کے خلاف پرزور مزاحمت کی تیاری پر بات چیت کے لیے لبنان میں ملاقات کی ہے،عالمی میڈیا کے مطابق حزب اللہ نے بیان جاری کیا جس میں کہا گیا کہ مسجد اقصی میں حالیہ اسرائیلی حملے کو مدنظر رکھتے ہوئے حماس اور حزب اللہ نے لبنان کے دارالحکومت میں ملاقات کی جس میں اسرائیل کیخلاف پرزور مزاحمت پر تبادلہ خیال کیا گیا،دوسری جانب حزب اللہ نے اپنے بیان میں کہا کہ حماس کے سربراہ ہانیے کی حزب اللہ کے چیف حسن نصراللہ سے ملاقات کے دوران فریقوں نے اسرائیل مخالف مزاحمت کی تیاری اور حالیہ پیش رفت کے تناظر میں تحریکوں کے درمیان تعاون پر تبادلہ خیال کیا،دونوں نے مغربی کنارے اور غزہ میں مزاحمت کی شدت اور مقبوضہ بیت المقدس میں مسجد اقصی میں ہونے والے واقعات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
یوکرین کے صدر ولادی میر زیلنسکی نے آرتھوڈوکس چرچ کے پام سنڈے کے موقع پر کیے گئے روسی فضائی حملوں کی مذمت کی ہے،پام سنڈے کے موقع پر کیے گئے روسی فضائی حملوں میں ایک 50سالہ شخص اور اس کی 11سالہ بیٹی ہلاک ہو ئی جبکہ ایک خاتون جس کے بارے میں دعوی کیا گیا کہ مقتولین کی بیوی اور ماں حملے کے مقام پر ملبے تلے زندہ پائی گئی،غیر ملکی میڈیا کے مطابق یوکرینی صدر نے ایسٹر کی تقریبات کے موقع پر ہونے والے حملوں کی مذمت کرتے ہوئے اپنے حالیہ ویڈیو خطاب میں روس کو دہشت گرد ریاست قرار دیا اور کہا کہ دہشت گرد ریاست پام سنڈے کو اس طرح مناتی ہے،زیلنسکی نے مشرق میں تعینات فوجی یونٹوں کی تعریف کی اور امید ظاہر کی کہ اگلا پام سنڈے ہمارے تمام لوگوں کے لیے امن اور آزادی کے وقت ہو گا،یوکرین کے 43ملین افراد میں سے زیادہ تر آرتھوڈوکس عیسائی ہیں جو رومن شہنشاہ جولیس سیزر کے ڈیزائن کردہ جولین کیلنڈر کی پیروی کرتے ہیں، یعنی وہ مغرب کے عیسائیوں کی اکثریت کے مقابلے میں ایک ہفتہ بعد ایسٹر مناتے ہیں،یوکرینی فوج نے گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران روسی افواج کے 40سے زائد حملوں کو پسپا کرنیکا دعوی کیا ہے، جن میں مشرقی شہر باخموت کے مغرب میں واقع علاقوں پر ناکام پیش قدمی بھی شامل ہے،کھارکیو کے گورنر اولیح سینیہوبوف نے کہا کہ کوپیانسک شہر میں دو افراد اس وقت ہلاک ہو گئے جب رہائشی علاقوں کو متعدد راکٹ لانچروں سے نشانہ بنایا گیا،سینیہوبوف نے کہا کہ چوہویو شہر پر گولہ باری کے بعد ایک 30سالہ شخص کو بھی تشویشناک حالت میں ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
چین کی سرکاری ٹیلی کام فرم نے 500ملین ڈالر مالیت کی سمندری انٹر نیٹ کیبل ڈال کر امریکی اجارہ داری ختم کرنے کی کوشش شروع کر دی،عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق چین کی 3کمپنیوں کے کنسورشیم مرحلہ وار سب سی کیبل نیٹ ورک میں فائبر آپٹک کے ذریعے یورپ کو مڈل ایسٹ اور پھر ایشیا کو آپس میں ملائیں گے،چین کی کمپنیوں نے پاکستان، فرانس، سعودی عرب اور مصر سے اس ضمن میں معاہدے بھی کر لیے ہیں، ماضی میں چینی کمپنی نے ہی امریکا کو سب سی انٹرنیٹ کیبل بنا کر فروخت کی تھی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
چین اور پاکستان کے تحفظات کو نظر انداز کرتے ہوئے بھارت نے سری نگر میں جی 20اجلاس کی تاریخ مقرر کردی ،بھارتی میڈیا کے مطابق جی 20اجلاس 22سے 24مئی کے دوران مقبوضہ کشمیر کے دارالحکومت سری نگر میں ہو گا، اس اجلاس کے حوالے سے گزشتہ برس سے تیاریاں جاری تھیں ، اجلاس بھارت کی تمام 28ریاستوں اور 8مرکز کے زیرانتظام علاقوں میں منعقد کیاجارہاہے ،میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ ماہ پاکستان اور چین نے ارونا چل پردیش میں جی 20اجلاس منعقد پر اعتراض کیا تھا ، بیجنگ نے گروپ کی میٹنگ کیلئے اروناچل پردیش سمیت مزید 11مقامات کے نام تبدیل کرنے کی بھی تجویز دی تھی ،پاکستان کی جانب سے جی 20رکن ممالک کو مقبوضہ کشمیر کے دارالحکومت سری نگر میں سیاحت سے متعلق اجلاس کی میزبانی کیلئے بھارت کو تحفظات بارے آگاہ کردیا گیا ہے ، حکومت پاکستان کا موقف ہے چونکہ مقبوضہ کشمیر متنازع علاقہ ہے اس لیے وہاں اجلاس نہیں ہونا چاہیے اور چین کی حکومت نے بھی اس موقف کی تائید کی تھی ۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
امریکی ریاست نیو جرسی کی مسجد میں نماز فجر کے دوران امام پر نامعلوم شخص نے چاقو سے حملہ کر دیا،غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق چاقو کے حملے کے نتیجے میں امام مسجد زخمی ہوگئے ، چاقو حملے کے وقت مسجد میں 200کے قریب نمازی موجود تھے ،رپورٹس کے مطابق امام مسجد کی حالت اب خطرے سے باہر ہے جبکہ پولیس نے حملہ آور کو گرفتار کرلیا ہے ، تاہم اس کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے ،ایک اور واقعہ کینیڈا کے شہر مارکھم میں پیش آیا ہے جہاں مسجد کے احاطے میں گاڑی سے نمازی کو کچلنے کی کوشش کی گئی،رپورٹس کے مطابق 28سال کے ملزم شیرن کیرونا کیرن کو ٹورنٹو سے گرفتار کرکے اس پر نفرت انگیز جرم کا الزام عائد کیا گیا ہے،کینیڈا کی وفاقی اورصوبائی حکومت نے اس واقعے کی مذمت کی ہے ۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
ڈیزل اورپیٹرول کی بڑھتی قیمتوں کے پیش نظرمحکمہ ٹرانسپورٹ پنجاب نے نان اے سی بسوں کے کرایوں میں دوسوپچاس فیصد سے زائد اضافے کا پلان تیار کر لیا ۔ لاہورمیں نان اے سی بسوں کے کرایوں میں250 فیصد سے زائداضافے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔انٹراورانٹراسٹی نان اے سی بس سروس کے نئے کرایوں کا اطلاق 25اپریل سے کیاجائے گا۔ دستاویزات کے مطابق مختلف شہروں کے درمیان چلنے والی بس کے کرایوں میں 265فیصد اضافہ ہوگا،شہرکے اندر چلنے والی بسوں کے کرایوں میں 267 فیصد اضافہ ہوگا۔4 کلومیٹرتک سفر کا کرایہ 14روپے ہے جو33 روپے کے اضافے سے47 روپے ہوگیا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
موجودہ گورنر سندھ کامران ٹیسوری کو 15 سال قبل چوری کے الزام میں گرفتار کروانے والے نوجوان کو حراست میں لے لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق نوجوان مجاہد خواجہ کو گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔ ٹنڈوباگو کے رہائشی مجاہد خواجہ نے2008 میں کامران ٹیسوری کے خلاف موٹر سائیکل اور نقد رقم چوری کا مقدمہ درج کرایا تھا۔ پولیس نے 20جون2008 کو ٹنڈوباگو تھانہ میں ایف آئی آر نمبر61/08 کے تحت مقدمہ درج کیا تھا، جس کے بعد موجودہ گورنر سندھ کامران ٹیسوری کو ٹنڈوباگو پولیس نے موٹر سائیکل چوری میں گرفتار کیا تھا، تاہم کامران ٹیسوری پولیس موبائل سے کود کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے تھے۔واضح رہے کہ مجاہد خواجہ نے چند ماہ قبل گورنر سندھ سے ملاقات کرکے مقدمہ درج کرانے پر معذرت کر لی تھی۔ 2008 میں وزیر داخلہ ڈاکٹر ذوالفقار مرزا، ڈی آئی جی ثنا اللہ عباسی اور ایس ایس پی فدا مستوئی تھے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی تقاریر کی نشریات پر پابندی ختم کرنے کے عدالتی حکم پر عمل درآمد نہ کرنے کے معاملے پر پیمرا اور دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے کیس کی سماعت کی، عمران خان کے وکیل احمد پنسوتہ نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی تقاریر کی نشریات پر پابندی کے خلاف عدالت نے حکم امتناعی جاری کررکھا ہے۔ وکیل احمد پنسوتہ نے مزید کہا کہ عدالتی حکم کے باوجود عمران خان کی تقاریر کی نشریات پر عائد پابندی ختم نہیں کی گئی، عام انتخابات کا شیڈول آنے کے بعد انتخابی مہم شروع ہورہی ہے، پیمرا کا پابندی کا نوٹیفکیشن بلا جواز اور قانون سے ہٹ کر ہے۔ وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ عدالتی حکم کے مطابق عمران خان کی تقاریر کی نشریات بحال کرنے کا حکم دیا جائے جس پر عدالت نے پیمرا اور دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے قاتلانہ حملے کے مدعی ایس ایچ او کی موت کی تحقیقات کا مطالبہ کر دیا۔ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ ایس ایچ او عامر شہزاد نے وزیر آباد میں مجھ پر قاتلانہ حملے کا مقدمہ درج کیا، وہ قتل کے اس منصوبے جس کی تحقیقات جے آئی ٹی کر رہی ہے اور اس کے پیچھے کار فرما عناصر کو بے نقاب کرنے کے حوالے سے ایک اہم گواہ تھے۔ عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے ریکارڈ کے ساتھ بھی چھیڑ چھاڑ کی گئی ہے، جن پراسرار حالات میں ایف آئی اے کے تفتیش کار ڈاکٹر رضوان، مقصود چپڑاسی اور شہباز شریف کے خلاف منی لانڈرنگ کے مقدمے کے دیگر اہم گواہان کی اموات ہوئیں ان کو یاد کرنا بھی اہم ہے۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ دل کے دورے کے نتیجے میں ایس ایچ او عامر شہزاد کی اچانک وفات کی باضابطہ تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے الیکشن اخراجات بل قومی اسمبلی میں پیش کر تے ہوئے کہا ہے کہ آنافانا منتخب جمہوری حکومت کے خلاف سازش بچھا دی گئی، کامیاب حکومت کی معاشی پالیسیوں کو نقصان پہنچایا گیا،ہمیں تباہ شدہ معیشت ملی، پی ٹی آئی کی پوری کوشش ہے ملک دیوالیہ ہوجائے، میرے غیر ملکی دورے پر شکوک و شبہات پھیلائے گئے، پی ٹی آئی قیادت کوشش کررہی ہے ملک میں انتشار پھیلے، یہ لوگ ملک دشمنی پر اتر آئے ہیں،حکومت کا سب سے بڑا چیلنج ملک کو ڈیفالٹ سے بچانا تھا، اگلا مرحلہ ملک کو خوشحال بنانا ہے، ہم نے مشکل حالات میں ریاست کو سیاست پر ترجیح دی، سیاسی نقصان کے باوجود ملک کی معیشت کو بہتر بنایا اور سابقہ حکومت کا آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ پورا کیا۔ پیر کو سپیکر راجہ پرویز اشرف کی زیر صدارت قومی اسمبلی کا اجلاس ہوا جس میں اسمبلی اجلاس میں معمول کی کارروائی کا ایجنڈا معطل کر دیا گیا۔ اس موقع پر نیشنل یونیورسٹی پاکستان کے قیام کا بل قومی اسمبلی میں پیش کیا گیا جسے ایوان نے منظور کرلیا۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے الیکشن اخراجات کا بل قومی اسمبلی میں پیش کیا اور ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ آنافانا منتخب جمہوری حکومت کے خلاف سازش بچھا دی گئی، کامیاب حکومت کی معاشی پالیسیوں کو نقصان پہنچایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ سلیکٹڈ حکومت کو نکالا گیا تو ہمیں تباہ شدہ معیشت ملی، پی ٹی آئی کی پوری کوشش ہے ملک دیوالیہ ہوجائے، میرے غیر ملکی دورے پر شکوک و شبہات پھیلائے گئے، پی ٹی آئی قیادت کوشش کررہی ہے ملک میں انتشار پھیلے، یہ لوگ ملک دشمنی پر اتر آئے ہیں اور کوئی موقع نہیں جانے دیتے۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ معیشت تباہی کے دہانے پر تھی، ہمارے پیش رو نے معیشت کو تباہ و برباد کردیا، ہمارا پہلا چیلنج ملک کو ڈیفالٹ سے بچانا تھا اور اگلا مرحلہ ملک کو ترقی کی راہ پر ڈالنا ہے، اب ہم معاشی استحکام سے ترقی کی طرف چل پڑے ہیں ، کوشش ہے پاکستان کو دوبارہ ترقی کی راہ پر گامزن کریں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ منتخب حکومت کے سامنے سازشوں کے جال بچھا دیئے گئے، حکومت کا سب سے بڑا چیلنج ملک کو ڈیفالٹ سے بچانا تھا، اگلا مرحلہ ملک کو خوشحال بنانا ہے، لیکن پی ٹی آئی قیادت ملک میں مایوسی اورانتشارپھیلاناچاہتی ہے، ان کی خواہش ہے کہ آئی ایم ایف سے معاہدہ نہ ہوسکے، میرے امریکا کے دورے کی منسوخی پر بھی پروپیگنڈہ کیاگیا، یہ وطن عزیز کی جنگ ہنسائی کا کوئی موقع نہیں چھوڑتے۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ ہم نے مشکل حالات میں ریاست کو سیاست پر ترجیح دی، سیاسی نقصان کے باوجود ملک کی معیشت کو بہتر بنایا اور سابقہ حکومت کا آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ پورا کیا۔ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ سیلاب کی وجہ سے ملک کو 14ارب ڈالر کا نقصان پہنچا، متاثرین کی بحالی کیلئے16ارب ڈالر کی ضرورت ہے، عالمی سطح پر خوراک کی قیمتوں میں14فیصداضافہ ہوچکاہے، خوراک کی درآمد کیلئے ڈالر میں ادائیگی کرنی ہوتی ہے، دنیا میں توانائی کی قیمت میں بھی بڑا اضافہ ہوا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان دور میں گردشی قرضوں میں 1300 ارب کا اضافہ ہوا، ہم ایک سال میں 12 ارب ڈالر قرض واپس کر چکے ہیں، کمزور طبقے کو 23 ارب روپے کی سبسڈی دے رہے ہیں، کرنٹ اکانٹ خساریمیں واضح کمی آئی ہے، تجارتی خسارے میں 35 فیصد کمی آئی ہے، برآمدات، ٹیکس محصولات میں اضافہ کیا گیا، زرمبادلہ کی گراوٹ کو کنٹرول کیا گیا۔ بعد ازاں قومی اسمبلی نے الیکشن اخراجات بل قائمہ کمیٹی کو بھجوا دیا اور اجلاس جمعرات دن 2 بجے تک ملتوی کردیا گیا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے ناران کے پانچ ماہ سے زائد عرصہ سے بند راستے ٹریفک کے لئے کھول دیے ہیں۔ این ایچ اے نے تمام راستوں سے برف اور مٹی کے تودے ہٹا دیے ہیں، راستے پانچ ماہ چھ دن سے بند تھے۔ ناران کی معروف کاروباری شخصیت حسن دین نے ناران میں سیاحتی سرگرمیوں کا باقاعدہ فیتہ کاٹ کر افتتاح کیا اور سیاحوں کو باقاعدہ یہاں کے موسم سے لطف اندوز ہونے کے لئے آنے کی دعوت دی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
لاہورہائیکورٹ نے نگران پنجاب حکومت کوتقرروتبادلوں کااختیارات دینے کے نوٹیفیکیشن کیخلاف درخواست پر الیکشن کمیشن سمیت دیگر حکام کو نوٹس جاری کر کے جواب مانگ لیا.لاہورہائیکورٹ میں نگران پنجاب حکومت کوتقرروتبادلوں کااختیارات دینے کے نوٹیفیکیشن کیخلاف درخواست پرسماعت ہوئی۔ عدالت نے الیکشن کمیشن سمیت دیگرحکام کونوٹس جاری کرکے جواب مانگ لیا۔ درخواست میں موقف اختیارکیا گیا کہ الیکشن کمیشن نے نگران حکومت کو ایک ہی نوٹیفیکیشن سے تقروتبادلوں کا مکمل اختیاردے دیا۔ الیکشن کمیشن کا اقدام الیکشن ایکٹ کی خلاف ورزی ہے،تقروتبادلوں کے لئیقانونی جوازہوناآئینی اورقانونی تقاضا ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
صوابی میں کار سوار ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کردی، جوابی کارروائی میں ایک ملزم ہلاک اور ایک راہ گیر جاں بحق ہوگیا۔ پولیس کے مطابق جہانگیرہ پل پر نامعلوم کار سوار ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کردی، پولیس نے ملزمان کیخلاف فوری کارروائی کی، جوابی فائرنگ سے کار میں سوار ایک ملزم ہلاک ہوگیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان سے فائرنگ کے تبادلے میں ایک راہگیر بھی جاں بحق ہوگیا، کار سوار ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، واقعے کی تفتیش جاری ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
پنجاب میں ریٹرننگ و ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران کو مجسٹریٹ کے اختیار تفویض کردیئے گئے، نوٹیفیکشن جاری ہوگیا۔ سپریم کورٹ نے پنجاب اسمبلی کے عام انتخابات کیلئے 14 مئی کو پولنگ کا حکم دیا تھا، جس پر الیکشن کمیشن آف پاکستان نے تیاریاں شروع کردی ہیں۔ الیکشن کمیشن نے پنجاب میں عام انتخابات کیلئے ریٹرننگ و ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران کو مجسٹریٹ کے اختیار تفویض کردیئے، جس کا نوٹیفیکشن بھی جاری کردیا گیا۔ ای سی پی کے مطابق پنجاب میں ریٹرننگ و ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران کو مجسٹریٹ درجہ اول کے اختیارات حاصل ہوں گے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
چیئرمین صادق سنجرانی کی زیرصدارت سینٹ کا اجلاس،سینیٹرطاہربزنجو نیصوبوں اوروفاق میں بیک وقت الیکشن کروانے کی قرارداد ایوان میں پیش کردی ،ایوان نے قرار داد متفقہ طورپرمنظور کرلی ۔پی ٹی آئی کے سینٹرز پہلے واک آوٹ کرگئے تھے۔اپوزیشن کی کرسی پرسینیٹر مشتاق احمد موجود رہے۔چئیرمین سینٹ صادق سنجرانی نے کہا کہ سنیٹیر مشتاق احمد نے بھی بل کی مخالفت نہیں کی۔ سینیٹرثمینہ ممتاززہری نے کارخانہ جات ترمیمی بل 2023 پیش کردیاوزیرمملکت شہادت اعوان نیکہا میری درخواست ہے بل پرنظرثانی کی جائے،ثمینہ ممتاز زہری نے کہا اس بل میں میری تین ترامیم شامل ہیں۔ مزدوروں کو ہیلتھ اورسیفٹی مہیا کرنا ضروری ہے،چیئرمین سینٹ کی ثمینہ ممتاز زہری اور شہادت اعوان کومشاورت کی ہدایت۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ ماضی میں غلطیاں ہوئیں جس پر ایک نااہل کو مسلط کیا گیا، اگر قوم نے دوبارہ دھوکا کھایا تو اس کی سزا بھگتنا پڑے گی۔ ایک بیان میں رانا ثنااللہ نے کہا کہ عمران خان کے دور میں فرح گوگی کو کھلی چھوٹ دی گئی اور فرح گوگی پر 12 ارب روپے کی ٹرانزیکشن ثابت ہوچکی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے آئی ایم ایف سے سخت شرائط پر معاہدہ کیا اور عمران خان نے اپنے چار سالہ دور میں کوئی ترقیاتی منصوبہ نہیں دیا۔ وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ عمران نیازی نے ملنے والے تحفے بھی بازار میں بیچ دیے، ماضی میں غلطیاں ہوئیں جس پر ایک نااہل کو مسلط کیا گیا، اگر قوم نے دوبارہ دھوکا کھایا تو اس کی سزا بھگتنا پڑے گی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
وفاقی کابینہ نے پنجاب میں الیکشن کے فنڈز کا معاملہ پارلیمنٹ کو بھیجنے کی منظوری دے دی۔ وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس ہوا جس میں پنجاب الیکشنز کے لیے فنڈز سے متعلق سمری پیش کی گئی۔ وزارت خزانہ نے گزشتہ روز کے کابینہ اجلاس کی روشنی میں فنڈز سے متعلق سمری آج کابینہ اجلاس میں پیش کی جس کی کابینہ نے منظوری دے دی۔ سمری کی کابینہ سے منظوری کے بعد اب پنجاب میں الیکشن کمیشن کو فنڈز جاری کرنے سے متعلق فیصلہ پارلیمنٹ کرے گی۔ اس حوالے سے وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو فنڈز دینے کا معاملہ پارلیمنٹ کو ریفر کر دیا ہے، یہ معاملہ بل کی صورت میں پارلیمنٹ میں آئے گا۔ واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے 4 اپریل کو حکم دیا تھا کہ وفاق 10 اپریل تک 21 ارب روپے الیکشن کمیشن کو دے، الیکشن کمیشن 21 اپریل کو رقم سے متعلق رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرائے گا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال سمیت سپریم کورٹ کے چار ججز کیخلاف سپریم جوڈیشل کونسل میں شکایت دائر کر دی گئی۔ سپریم جوڈیشل کونسل میں چیف جسٹس عمر عطا بندیال، جسٹس منیب اختر، جسٹس اعجازالاحسن اور جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کے خلاف شکایت سردار سلمان ڈوگر ایڈوکیٹ نے درج کروائی ہے۔ شکایت کنندہ سردار سلمان ڈوگر ایڈوکیٹ نے موقف اختیار کیا ہے کہ چیف جسٹس عمر عطا بندیال سمیت چاروں ججز مس کنڈکٹ کے مرتکب ہوئے، چاروں نے آئین کے آرٹیکل 209 کی خلاف ورزی کی۔ سردار سلمان ڈوگر ایڈوکیٹ کی جانب سے استدعا کی گئی ہے کہ چیف جسٹس عمر عطا بندیال سمیت چاروں ججز کو عہدے سے ہٹایا جائے۔ موقف میں شکایت کی کاپیاں سپریم جوڈیشل کونسل کے دیگر ممبران کو بھی ارسال کر دی گئی ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما و سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا ہے کہ اگر وفاقی حکومت نے سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل نہ کیا تو وزیراعظم اور کابینہ ارکان پانچ سال کیلئے نااہل ہوں گے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں رہنما پی ٹی آئی فواد چودھری کا کہنا تھا کہ آئین کے تحت انتخابات کیلئے فنڈز کی فراہمی براہ راست خزانے سے کی جاتی ہے، پارلیمان نے اس عمل سے خود کو آئینی طور پر علیحدہ کر رکھا ہے، اس عمل کو (Direct Charge on Consolidated funds) کہا جاتا ہے۔ سابق وزیر کا مزید کہنا تھا کہ اس ضمن میں صرف وفاقی کابینہ کی منظوری درکار ہے، اگر وفاقی حکومت سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل نہیں کرتی اور آج فنڈز نہیں دیتی تو وزیر اعظم اور کابینہ کے اراکین پانچ سال کیلئے نا اہل ہوں گے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
لاہور ہائیکورٹ نے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض کو فوری طور پر عہدے سے ہٹانے کی درخواست پر سپیکر قومی اسمبلی اور دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے راجہ ریاض کو عہدے سے ہٹانے کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار منیر احمد کے وکیل اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے دلائل دیتے ہوئے بتایا کہ عدالت نے تحریک انصاف کیاراکین قومی اسمبلی کے استعفوں کی منظوری پر حکم امتناعی جاری کر رکھا ہے، اسمبلی رولز کے حوالے سے بھی عدلیہ کا فیصلہ آ چکا ہے، پی ٹی آئی اراکین کی موجودگی میں راجہ ریاض کی تقرری غیر آئینی ہے۔ وکیل نے کہا کہ راجہ ریاض کا تعلق پی ٹی آئی سے ہے وہ اپوزیشن لیڈر نہیں بن سکتے، اسمبلی کی مدت ختم ہونے والی ہے مگر سپیکر نے راجہ ریاض کو عہدے سے نہیں ہٹایا۔ وکیل نے استدعا کی کہ عدالت اسمبلی کی مدت ختم ہونے سے پہلے ہی راجہ ریاض کو عہدے سے ہٹانے کا حکم دے، جس پر عدالت نے سپیکرقومی اسمبلی اور دیگر فریقین کونوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ ہفتے جواب طلب کرلیا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
آئین پاکستان کے 50 سال مکمل ہونے پر گولڈن جوبلی تقریبات کا آغاز ہوگیا ہے، پارلیمنٹ ہاوس کی راہداریوں میں ایس ایم ڈیز نصب کر دی گئیں۔ پارلیمنٹ ہاوس کے صدر دروازے پر 1973 کے آئین کی منظوری کی تصویری نمائش کا اہتمام کیا گیا۔ سپیکر قومی اسمبلی نے آئین پاکستان کی یادگار کا سنگِ بنیاد رکھ دیا، آئین پاکستان 1973 کی یادگار کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب کے موقع پر سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے خطاب کیا، سپیکرقومی اسمبلی جمہوریت کے گمنام ہیروز کی یادگار پر پھولوں کی چادریں چڑھائیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے راجہ پرویزاشرف کا کہنا تھا کہ آج 10 اپریل 2023 کو آئین پاکستان کے 50 سال مکمل ہونے کی تقریبات کا آغاز کر رہے ہیں، آئین کا متفقہ منظور ہونا ایک کامیابی ہے، 1973 میں آئین متفقہ طور پر منظور کیا گیا تھا، دستور پاکستان کی یادگارکی تعمیر ایک مثبت اور اہم قدم ہے۔ سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ کسی بھی ملک کا آئین اس کی تاریخ میں سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے، محسنوں کو یاد رکھنے والی قومیں ہی آگے بڑھتی ہیں، آئین کی آگاہی کیلئے ضروری ہے ہم 10 اپریل تاریخی دن کے طور پر منائیں۔ راجہ پرویز اشرف کا مزید کہنا تھا کہ امید ہے سی ڈی اے اس یادگار کی تعمیر جلد مکمل کرے گا، اس یادگار کے ڈیزائن کیلئے ملک گیرمقابلہ ہوگا، ڈی چوک پر یادگار کی تعمیر کے ساتھ ایک باغ بھی تعمیرہوگا جس کا نام باغ دستور ہوگا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
زراعت کے شعبے میں صاف اور سبز توانائی کے زیادہ سے زیادہ استعمال کو یقینی بنانے کے لیے، حکومت کے بجلی سے چلنے والے ٹیوب ویلوں کو شمسی توانائی میں تبدیل کرنے کے فیصلے پر1.331 ٹریلین روپے لاگت متوقع ہے، جس کی تکمیل کا ہدف 2027 تک ہے۔ویلتھ پاک کی رپورٹ کے مطابق اس منصوبے کا مقصد سرکاری خزانے پر سبسڈی کے بوجھ کو کم کرنے کے علاوہ بجلی کی طلب میں کمی اور زراعت پر ان پٹ لاگت کو کم کرنا ہے۔ ٹیوب ویلوں کو شمسی توانائی میں تبدیل کرنے سے کسانوں کے فی ایکڑ اخراجات میں کمی آئے گی اور اس کے نتیجے میں ڈیزل اور درآمدی ایندھن پر انحصار کم ہو گا اور قیمتی زرمبادلہ کی بھی بچت ہو گی۔ویلتھ پاک کے پاس دستیاب اعداد و شمار کے مطابق، بجلی سے چلنے والے ٹیوب ویلوں کی سالانہ لاگت 0.87 بلین ہے، اور حکومت اس کے لیے ہر سال 132 بلین روپے کی سبسڈی فراہم کرتی ہے۔ ٹیوب ویلوں کے لیے سالانہ 3.23 بلین لیٹر ڈیزل درکار ہے جس کی قیمت 2.74 بلین ڈالر ہے۔پاکستان میں ڈیزل سے چلنے والے ٹیوب ویلوں کی تعداد تقریبا 1.2 ملین ہے، جو کل کا 79% ہے، جب کہ بجلی سے چلنے والے ٹیوب ویلز کی تعداد 0.31 ملین ہے، جو کل کا 21% ہے۔یہ خدشہ بھی ہے کہ ٹیوب ویلوں کے لیے بلاتعطل اور سستی بجلی کی فراہمی زیر زمین پانی کے اخراج کو مزید تیز کر سکتی ہے۔ماہرین کا خیال ہے کہ بجلی کی بار بار لوڈ شیڈنگ اور توانائی کی بڑھتی قیمتوں کی وجہ سے بجلی یا ڈیزل سے چلنے والے ٹیوب ویلوں کے مقابلے ٹیوب ویلوں کی سولرائزیشن آبپاشی کے پانی کا ایک سستا اور قابل اعتماد ذریعہ ہے۔ تاہم، یہ تازہ زیر زمین پانی کے طاسوں کے اخراج کو تیز کر سکتا ہے اور نمکیات اور دیگر غذائی اجزا کو دوبارہ تقسیم کر سکتا ہے جس کے ذریعہ معاش، خوراک اور انسانی سلامتی کے لیے سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔پاکستان کی اقتصادی ترقی توانائی کے شعبے میں رکاوٹوں کی وجہ سے روکی ہوئی ہے اور ستم ظریفی یہ ہے کہ ہر گزرتے سال کے ساتھ صورتحال مزید خراب ہوتی جارہی ہے۔ موجودہ حکومت کے 10,000 میگاواٹ سولر انرجی پراجیکٹ جیسے اقدامات پر عملدرآمد سے نہ صرف مہنگے ڈیزل اور فرنس آئل کے درآمدی بل کو کم کرنے میں مدد ملے گی بلکہ اس سے روایتی بجلی کو شمسی توانائی سے بدل کر ماحول کو بچانے میں بھی مدد ملے گی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
ماہرین کا خیال ہے کہ موثر پالیسیوں کی تشکیل اور ان پر عمل درآمد بیمار صنعتی اکائیوں کو بحال کرنے، ایک ٹھوس ریونیو بیس فراہم کرنے، برآمدات کو فروغ دینے اور طویل مدتی اقتصادی ترقی میں معاون ثابت ہو سکتا ہے۔ویلتھ پاک سے بات کرتے ہوئے، نیشنل پروڈکٹیوٹی آرگنائزیشن(این پی او )کے چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد عالمگیر چوہدری نے کہا کہ زرعی شعبے میں برآمدات کو بڑھانے، درآمدات پر انحصار کم کرنے اور دیگر شعبوں میں ترقی کو فروغ دینے کے ذریعے ملک کے معاشی چیلنجز کو حل کرنے کی بے پناہ صلاحیت موجود ہے۔"اس شعبے کی صلاحیت سے فائدہ اٹھانے کے لیے، جدید کاشتکاری کے طریقوں کو ترجیح دی جانی چاہیے۔انجینئرنگ ڈویلپمنٹ بورڈکے چیف ایگزیکٹو آفیسر رضا عباس شاہ کے مطابق ملکی ترقی صنعتی شعبے سے مضبوطی سے جڑی ہوئی ہے۔ "اعلی صنعتی نمو حاصل کرنے کے لیے ایک اچھی طرح سے مربوط وژن کی ضرورت ہے جس کی مدد سے موثر نفاذ کی صلاحیت ہو۔انہوں نے کہا کہ خام مال کی بلاتعطل فراہمی، مشینری میں نمایاں سرمایہ کاری اور مستقل توانائی ٹیرف پالیسی صنعت کی پیداوار کو بڑھانے کے لیے ضروری ہے۔"پاکستان میں سروس سیکٹر میں بھی بہت زیادہ پوٹینشل موجود ہے کیونکہ اس کی برآمدات میں 2013 سے 2022 کے دوران اضافہ ہوا ہے۔ اس عرصے کے دوران صرف آئی ٹی اور آئی ٹی سے چلنے والی خدمات کی 225 فیصد اضافہ ہوا ہے۔عباس شاہ نے کہا کہ متنوع شعبوں پر توجہ دینے سے پاکستان برآمدات کو فروغ دینے، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور سرمایہ کاری کی نئی راہیں پیدا کرنے کے قابل بنائے گا۔"چین پاکستان اقتصادی راہداری کے دوسرے مرحلے کا مقصد صنعت کاری کو نمایاں طور پر بڑھانا، جدت کو فروغ دینا اور تجارتی کھلے پن کو فروغ دینا ہے۔ چائنہ روڈ اینڈ برج کارپوریشن کے ایگزیکٹو کمرشل آفیسر عبداللہ شہریار نے کہا کہ سی پیک کے تحت قائم کیے جانے والے اقتصادی زونز افغانستان، وسطی ایشیا اور اس سے آگے کی برآمدات کا ایک اڈہ بننے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
پبلک لسٹڈ فرٹیلائزر کمپنیوں کی فروخت 2021 میں پوسٹ کی گئی 422 بلین روپے کی آمدنی سے 2022 کیلنڈر میں مجموعی طور پر 22 فیصد بڑھ کر 512 بلین روپے ہوگئی۔ویلتھ پاک کی رپورٹ کے مطابق فوجی فرٹیلائزر کمپنی لمیٹڈ ایف ایف سی ( 125.6 )بلین روپے کے مارکیٹ کیپٹلائزیشن کے ساتھ اس شعبے کی سب سے بڑی فرم ہے، اس کے بعد اینگرو فرٹیلائزر لمیٹڈ (ای ایف ای آر ٹی) 113.7 بلین روپے کی مارکیٹ کیپ کے ساتھ ہے۔ فاطمہ فرٹیلائزر کمپنی لمیٹڈ اور فوجی فرٹیلائزر بن قاسم لمیٹڈ کی مارکیٹ کیپس بالترتیب 66.6 بلین روپے اور 15.9 بلین روپے ہیں۔کھاد کا شعبہ 2022 کے اختتام پر 147 ارب روپے کے مجموعی منافع اور 517 ارب روپے کی فروخت پر 51 ارب روپے کے خالص منافع کے ساتھ ہوا۔ اس طرح مجموعی منافع اور خالص منافع کا تناسب بالترتیب 28% اور 10.03% نکلا۔ فوجی فرٹیلائزر 159 بلین روپے کی سب سے زیادہ سالانہ فروخت حاصل کر کے ہم مرتبہ کمپنیوں میں سرفہرست رہا۔مجموعی منافع کے لحاظ سے، فاطمہ فرٹیلائزرنے 2022 میں 51 ارب روپے کا سب سے زیادہ مجموعی منافع کمایا ۔ایف ایف سی نے 40 ارب روپے کا مجموعی منافع حاصل کیا اور ایفرٹ نے29 ارب روپے کا مجموعی منافع ظاہر کیا۔ سب سے کم مجموعی منافع ایف ایف بی ایل کا 25 ارب روپے تھا۔خالص منافع کے لحاظ سے،ایف ایف سی نے 20 ارب روپے کا سب سے زیادہ خالص منافع کمایا، اس کے بعدایفرٹ اور فاطمہ نے بالترتیب 15 ارب روپے اور 14 ارب روپے کا خالص منافع حاصل کیا۔ ایف ایف بی ایل نے 2022 میں 2.3 بلین روپے کا سب سے کم منافع کمایا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
خیبر ٹوبیکو کمپنی لمیٹڈ نے مالی سال 2022-23 کے پہلے چھ ماہ (جولائی تا دسمبر )میں اپنی فروخت اور مجموعی منافع میں331فیصد کا زبردست اضافہ کیا جو بڑھ کر 3 ارب روپے ہو گیا۔ویلتھ پاک کی رپورٹ کے مطابق کمپنی کے مجموعی منافع اور خالص منافع کا تناسب مالی سال 23 کے پہلے چھ مہینوں میں بالترتیب 37 فی صد اور 20.93 فی صد رہا۔خیبر ٹوبیکو کمپنی لمیٹڈ پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تمباکو کے شعبے میں درج ہے۔دو بلین روپے کی مارکیٹ کیپٹلائزیشن کے ساتھ اپنے شعبے میں تیسری اور سب سے چھوٹی کمپنی ہے۔کمپنی نے 273 ملین روپے کا خالص منافع اور 21.69 فیصد خالص منافع کا تناسب پوسٹ کیا۔ اس سہ ماہی میں 47.43 روپے فی حصص قدر رہی۔پچھلے مالی سال اس عرصے میں کمپنی کی آمدن 708 ملین روپے تھی۔گراس پرافٹ 94 ملین سے بڑھ کر ایک ارب روپے ہو گیا۔کمپنی نے پچھلے سال کا 103 ملین کا نقصان بھی ریکور کر لیااور رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں 639 ملین کا خالص منافع حاصل کیا۔کمپنی کو پہلے 6 ماہ میں فی حصص 110 روپے کی آمدن ہوئی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
اے این ایف نے بلوچستان کے پہاڑوں میں بڑی کارروائی کے دوران سیکڑوں کلو منشیات برآمد کرلی۔ ترجمان اینٹی نارکوٹکس فورس کے مطابق شعبہ انٹیلی جنس اور فرنٹیئر کور بلوچستان کی کوئٹہ سے 530 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع دورافتادہ علاقے ماشکیل کے دشوار گزار پہاڑوں میں مشترکہ کارروائی کے دوران 820 کلوگرام افیون برآمد کر لی گئی۔ ترجمان کے مطابق مجموعی طور پرقبضے میں لی گئی افیون میں سے تقریبا 3700 کلوگرام منشیات دشوارگزار علاقے سے منتقل کرنے میں حائل مشکلات اور مطلوبہ وسائل کی عدم موجودگی کے باعث موقع پر ہی نذرآتش کر دی گئی۔ ایاین ایف کی جانب سے منشیات اسمگلنگ کے خلاف عمل میں لائی جانے والی حالیہ کارروائی رواں برس کی اب تک سب سے بڑی کارروائی ہے ۔ برآمدشدہ منشیات دشوار گزار پہاڑوں میں واقع گوریندر نالہ نامی خفیہ مقام پرذخیرہ کی گئی تھی۔ کارروائی کے دوران منشیات کے ذخیرہ کی حفاظت پر مامور ملزمان اے این ایف اور ایف سی کیساتھ تقریبا آدھاگھنٹہ فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں پسپائی کے بعد پہاڑی علاقے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ترجمان اینٹی نارکوٹکس فورس کے مطابق مذکورہ طرز کی جامع کارروائی کے دوران مطلوبہ نتائج کے حصول کے لیے محکمے کے پاس جدیدآپریشنل ذرائع بشمول گاڑیوں اور ہیلی کاپٹرز کی سہولت کی موجودگی اشد ضروری ہے ۔ حالیہ کارروائی کے بعد انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
سندھ میں بورڈز کے امتحانات کو آوٹ سورس کرنے کے نوٹیفکیشن کی منسوخی کیلیے عدالت عالیہ میں پٹیشن دائر کردی گئی۔ سندھ پروفیسرز اینڈ لیکچرارز ایسوسی ایشن (سپلا) اور آل سندھ پرائیویٹ اسکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن نے یونیورسیٹیز اینڈ بورڈز سندھ کے نوٹی فکیشنز کو روکنے کیلئے عدالت عالیہ میں درخواست دائر کردی، جس کی سماعت(کل) بدھ 12 اپریل کو ہوگی۔ درخواست میں بورڈز امتحانات کو آٹ سورس کرنے اور کنٹرولنگ اتھارٹی کے خود ساختہ اپنے اختیارات کے نوٹیفکیشن کو چیلنج کیا گیا ہے کہ محض چند ہفتے پہلے غیرقانونی اور ناقابل عمل نوٹی فکیشنز سے سندھ کے لاکھوں طلبہ و طالبات، ان کے والدین اور اساتذہ سمیت تمام بورڈز ذہنی کوفت، تذبذب اور غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہیں۔ قبل ازیں سپلا اور آل سندھ پرائیویٹ اسکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن نے وزیر یونیورسیٹیز اینڈ بورڈز سندھ محمد اسماعیل راہو سے ملاقات میں تمام مسائل کی نشاندہی کی۔ وزیراعلی سندھ، وزیر تعلیم سندھ، سیکرٹری یونیورسیٹیز اینڈ بورڈز، سیکرٹری اسکولز ایجوکیشن، سیکرٹری کالجز ایجوکیشن کو بھی تحریری طور پر خدشات اور تحفظات سے آگاہ کیا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
وائس چیئرمین تحریک انصاف شاہ محمود قریشی نے کہا کہ توڑ پھوڑ کیس میں پراسکیوشن کے پاس کوئی ٹھوس ثبوت نہیں تھے ، پراسیکیوشن نے مجھے موجودہ حکومت کی کارکردگی قوم کے سامنے عیاں ہوچکی ہے ، موجودہ حکومت ہر محاذ پر ناکام ہوچکی ہے ،پیر کے روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عام آدمی نے سب سے زیادہ قیمت ادا کی ہے ، ملکی معیشت بالکل بیٹھ گئی ہے ، عام آدمی کی زندگی ، متاثر ہورہی ہے ۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہمارے دور میں معاشی نمو 6فیصد تھی اور آج 35.4فیصد پر طوفان برپا ہے ، موجودہ حکومت نے ملکی معیشت کو تباہ کردیا ہے ، ان کا کہنا تھا کہ ہم سپریم کورٹ اور چیف جسٹس کے ساتھ کھڑے ہیں، ہم قانون اور آئین کے ساتھ کھڑے ہیں، ہم اس فسطائیت کا سامنا کررہے ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
وفاقی وزیرِ تعلیم رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ صدر ڈاکٹر عارف علوی اپنی آئینی ذمہ داریاں پوری کرنے کی بجائے پی ٹی آئی کے سہولت کار بن کر پارلیمنٹ جیسے سپریم ادارے کو بے توقیر کر ر ہے ہیں ،صدر عارف علوی نے عدالتی اصلاحات بل پر دستخط نہ کرکے صدارتی منصب کی توہین کی ہے عدلیہ کا کام آئین اور قانون کے مطابق فیصلہ کرنا ہے اختیارات کے تجاوز سے آئینی بحران جنم لیتے ہیں عمران نیازی کو لانے کے لیے ثاقب نثار کا بڑا اہم کردار ھے جس کا خمیازہ آ ج پوری قوم بھگت رہی ہے نواز شریف کو سازش کے تحت عہدے سے ہٹایا گیا ایک مرتبہ پھر لاڈلے کو لانے کے لیے راہ ہموار کی جا رہی ھے ملک میں آئینی سیاسی بحران کا حل ایک ہے روز انتخابات ھیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقہ پی پی 138کے امیدوار برائے صوبائی اسمبلی حاجی طارق محمود ڈوگر مسلم لیگ نواز کے سینئرہنما چوہدری محمود اختر گورائیہ کے ہمراہ خانپور میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین نے کہا کہ عمران نیازی کی ضد انا اور تکبر کی وجہ سے ملک ہیجانی کیفیت سے گزر رہا ھے ملکی سلامتی ترقی و خوشحالی کے خلاف آئے روز زمان پارک سے سازشیں ہو رہی ھیں کارکنان کو ڈھال کے طور پر استعمال کیا جارہا ھے عمران نیازی کو تلاشی دینا پڑے گی پنجاب اور کے پی کے صوبائی اسمبلیاں وزرا اعلی کی مرضی سے نہیں توڑی گئیں بلکہ زبردستی تڑوائی گئی جس کا اعتراف خود پرویز الہی کر چکے ہیں دوسروں کو چور ڈاکو کہنے والے نے پی ٹی آئی کا صدر پنجاب کے سب سے بڑے ڈاکو کو بنایا مسلم لیگ نواز الیکشن سے کبھی نہیں بھاگی بلکہ قومی و صوبائی اسمبلیوں کے ایک ساتھ انتخابات کی خواہاں ھے معشیت کی تباہی اور رسوائی کا ذمہ دار عمران نیازی ھے ملکی معیشت کی بہتری کے لیے وزیر اعظم شہباز شریف سمیت کا بینہ کے تمام وزرا دن رات محنت کر رہے ہیں مسلم لیگ نواز ریاست اور سیاست بچائے گی اور ملک کو بحرانوں سے نکالے گی ۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
پاکستان کے دو بڑے ہائیڈرو پاور منصوبوں کیلئے فنڈز جاری ،چینی ہائیڈرو پاور کمپنیاں پاکستان میں ان دو بڑے ہائیڈرو پاور پراجیکٹس کی تعمیر میں مصروف ہیں ، ان سے ملک کو کم لاگت، سبز اور پائیدار توانائی کے ذریعے توانائی کے بحران پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔گوادر پرو کے مطابق پاکستان کا توانائی کا شعبہ فوسل فیول کی درآمدات پر بہت زیادہ انحصار کرتا ہے اور زرمبادلہ کے ذخائر ہمیشہ سے ملک کے لیے ایک مسئلہ رہا ہے، اس ہفتے ملک میں دو پیشرفتیں سبز اور پائیدار توانائی کے شعبوں میں انتہائی حوصلہ افزا ہیں ۔ سب سے پہلے، سعودی فنڈ برائے ترقی ( ایس ایف ڈی ) نے پاکستان کے مہمند ملٹی پرپز ڈیم پروجیکٹ (ایم ایم ڈی پی ) کی مدد کے لیے 240 ملین ڈالر کے قرض کے معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔ دوسرا، پاکستان کی قومی اقتصادی کونسل (ایکنک) کی ایگزیکٹو کمیٹی نے دیامر بھاشا پاور جنریشن پراجیکٹ ( ڈی بی پی جی پی ) کی منظوری دے دی ہے جس کی لاگت 1.2 ٹریلین روپے سے زائد ہے۔ گوادر پرو کے مطابق چینی ہائیڈرو پاور کمپنیاں پہلے ہی پاکستان میں ان دو بڑے ہائیڈرو پاور پراجیکٹس کی تعمیر میں مصروف ہیں، جس سے ملک کو کم لاگت، سبز اور پائیدار توانائی کے ذریعے توانائی کے بحران پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔ چائنا گیزوبا گروپ کمپنی (سی جی جی سی) ایک مشترکہ منصوبے میں مہمند ڈیم تعمیر کر رہی ہے جبکہ پاور چائنا فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن (ایف ڈبلیو او) کے ساتھ مل کر 1 ایم ڈبلیو ڈیم کا حصہ ڈی بی پی جی پی تعمیر کر رہی ہے۔
گوادر پرو کے مطابق ایم ایم ڈی پی پانی اور غذائی تحفظ میں اضافہ کرے گا، اور خیبر پختونخواہ (کے پی) میں لوگوں کے معیار زندگی کو بہتر بنائے گا، جہاں تقریباً 80 فیصد آبادی دیہی علاقوں میں رہتی ہے، روزگار کے مواقع پیدا کرکے اور غربت میں کمی کرکے خطے کی سماجی اقتصادی ترقی کو فروغ دے گی۔ قابل تجدید توانائی کے ذرائع کا استعمال کرتے ہوئے یہ منصوبہ 800 میگاواٹ بجلی کی پیداواری صلاحیت پیدا کرے گا، جس سے پاکستان کی توانائی کی حفاظت میں مدد ملے گی۔ مزید برآں، 1.6 ملین ایم 3 پانی کا ذخیرہ پائیدار زرعی طریقوں میں مدد فراہم کرے گا، 6,773 ہیکٹر نئی زمین کی آبپاشی کے قابل بنائے گا، اور صوبے میں فصل کا کل رقبہ 1,517 ہیکٹر سے بڑھا کر 9,227 ہیکٹر تک لے جائے گا، جس سے زرعی سرگرمیوں میں آسانی ہوگی۔ گوادر پرو کے مطابق منصوبے کا اصل تخمینہ 933.6 ارب روپے تھا تاہم کرنسی کی قدر میں کمی کے سبب ایکنک نے 6 اپریل کو4 ہزار 500 میگا واٹ کے دیا مر بھاشا ڈیم منصوبے کے لئے 12.4 کھرب روپے کی منظوری دی۔ پاورچائنہ اور ایف ڈبلیو او پہلے ہی منصوبے کے حصے پر کام کر رہے ہیں۔ ڈی بی ڈی پی، جس کے 2029 میں مکمل ہونے کی امید ہے، ہر سال 2.5 بلین امریکی ڈالر کی بچت کرے گا اور 1.2 ملین ایکڑ اراضی کو سیراب کرے گا۔ گوادر پرو کے مطابق واپڈا ڈیمز کی دہائی کے وژن کے تحت پاکستان میں پن بجلی اور پانی کے ذخیرے کی بے مثال ترقی کے لیے کثیر الجہتی حکمت عملی پر عمل پیرا ہے ۔ حکومت اپنی موجودہ 30 فی صد کم لاگت ہائیڈرو بجلی کو نیشنل گرڈ میں کم از کم 50 فی صد تک بڑھانے کا ارادہ رکھتی ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
وفاقی پولیس نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو 9 مختلف مقدمات میں تفتیش کے لئے 11 اور 12 اپریل کو طلب کرلیا۔ سابق وزیر اعظم عمران خان کے خلاف وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے سی ٹی ڈی سمیت 9 تھانوں میں مقدمات درج ہیں، ان مقدمات میں تفتیش کے لیے وفاقی پولیس نے چیئرمین پی ٹی آئی کو طلب کر لیا ہے۔ اسلام آباد پولیس نے عمران خان کو 2 مقدمات میں 11 اپریل اور 7 کیسز میں 12 اپریل کو بلایا ہے، وفاقی پولیس نے عمران خان کو شامل تفتیش ہونے کے لئے نوٹسز بھجوا دیے ہیں، تمام نوٹسز عمران خان کی رہائش گاہ زمان پارک بھجوائے گئے ہیں۔ تھانہ رمنا میں درج مقدمے میں عمران خان کو 2 مقدمات میں 11 اپریل کو طلب کیا گیا ہے جبکہ پولیس لائنز میں بھی 11 اپریل کو 12 بجے بلایا گیا ہے، اس کے علاوہ چیئرمین پی ٹی آئی کو سی ٹی ڈی میں درج مقدمے میں بھی طلب کرلیا گیا ہے۔ عمران خان کو 12 اپریل کو تھانہ کھنہ میں درج مقدمے میں طلب کیا گیا اور انہیں اپنے ہمراہ تمام دستاویزات لانے کی ہدایات بھی کی گئی ہے، نوٹسز میں کہا گیا ہے کہ عمران خان پیش ہو کر اپنا موقف دیں، پیش نہ ہونے کی صورت میں قانونی کارروائی ہوگی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو پارٹی عہدے سے ہٹانے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد بلال حسن کی سربراہی میں لارجر بنچ نے عمران خان کو پارٹی عہدے سے ہٹانے کی درخواست پر سماعت کی۔ عدالت نے استفسار کیا کہ دوسری پٹیشن کس طرح سنی جا سکتی ہے، جس پر وکیل نے کہا کہ اس میں دو استدعا کی گئی ہیں۔ عدالت نے کہا کہ آپ پارٹی چیئرمین کو ہٹانے کے کس طرح متاثرہ فریق ہیں، جس پر وکیل نے کہا میں ایک ووٹر اور ملک کا شہری ہوں۔ لاہور ہائیکورٹ نے کہا کہ آپ کو اعتراض ہے تو کسی دوسری پارٹی میں چلے جائیں، آپ کی یہ پہلی پٹیشن ہے، جس پر وکیل نے جواب دیا کہ جی یہ میری پہلی پٹیشن ہے۔ بعدازاں عدالت نے عمران خان کو پارٹی عہدے سے ہٹانے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
اسلام آباد ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سینیٹر شبلی فراز کا کیس جسٹس ارباب محمد طاہر کی عدالت کو منتقل کردیا۔ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس عامر فاروق نے شبلی فراز کی مقدمات کی تفصیلات فراہمی اور حفاظتی ضمانت کی درخواست پر سماعت کی، شبلی فراز وکیل بابر اعوان کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔ چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ اس طرح کے دوسرے کیسز جسٹس ارباب محمد طاہر کی عدالت میں زیر سماعت ہیں، ایک ہی قسم کی ایف آئی آر ہے تو اسی بنچ میں بھجوا دیتا ہوں ۔ وکیل بابر اعوان نے کہا کہ عمر ایوب کا اسی طرح کا کیس دوسرے بینچ میں ہے، شبلی فراز کا کیس جسٹس بابر ستار کی عدالت میں مقرر کردیں۔ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے کہا کہ بابر ستار صاحب تو چھٹیوں پر ہیں، اگر ہنگامی نوعیت ہے تو جسٹس ارباب طاہر کی عدالت میں (کل) منگل کے لئے مقرر کرتے ہیں۔ بعدازاں اسلام آباد ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر شبلی فراز کا کیس جسٹس ارباب محمد طاہر کی عدالت کو بھجوا دیا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
سندھ ہائیکورٹ نے لاپتہ افراد کی بازیابی یقینی بنانے کا حکم دے دیا ہے۔ لاپتہ افراد کی بازیابی سے متعلق درخواستوں کی سماعت پرعدالت نے ڈی آئی جی انوسٹی گیشن پر برہمی کا اظہارکرتے ہوئے پولیس تحقیقات پرعدم اعتماد کا اظہار کردیا۔ سماعت کے دوران لاپتہ حافظ ارسلان کی والدہ نے عدالت میں آہ و بکا کرتے ہوئے کہا کہ میرا بیٹا کہاں ہے کوئی کچھ نہیں بتارہا۔ عدالت نے حراستی مراکز سے لاپتہ افراد سے متعلق رپورٹس طلب کرتے ہوئے صوبائی اور وفاقی حکومتوں سے جامع جواب مانگ لیا ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ قوم آج 1973 کے آئین کی گولڈن جوبلی منا رہی ہے، آئین بنانے والوں کو سیاسی دور اندیشی پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وزیراعظم شہبازشریف نے لکھا کہ قوم آج 1973 کے آئین کی گولڈن جوبلی منا رہی ہے، ایک ایسی مقدس دستاویز جس نے 50 برس میں کئی طوفانوں کا مقابلہ کیا، آئین کی مقدس دستاویز نے وفاق کو ایک ساتھ تھام رکھا ہے۔ میاں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آئین بنانیوالوں کو سیاسی دور اندیشی پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں، وقت آگیا ہے کہ پارلیمنٹ کو قومی زندگی کا مرکز و محور بنایا جائے، آئین کی روشنی میں بنائے گئے رہنما اصول ہمیں آگے کی راہ دکھلاتے ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
وفاقی حکومت نے 1990 سے 2001 تک کی توشہ خانہ کی تفصیلات اور تحائف دینے والے ممالک کا ریکارڈ پبلک کرنے کے عدالتی فیصلے کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا۔ حکومت نے سیکرٹری کیبنٹ ڈویژن کے ذریعے اپیل دائر کی۔ ایپل میں کہا گیا کہ سنگل بنچ نے 1990 سے 2001 تک توشہ خانہ سے لئے گئے تحائف کی تفصیلات پبلک کرنے کا حکم دیا، سنگل بنچ نے تحائف دینے والوں کے نام بھی پبلک کرنے کی ہدایت کی ہے۔ درخواست میں کہا گیا کہ تحائف دینے والے ممالک کے نام پبلک کرنے کا سنگل بنچ کا فیصلہ قانونی طور پر درست نہیں۔ وفاقی حکومت نے استدعا کی کہ سنگل بنچ کا 1990 سے 2001 تک کا ریکارڈ پبلک کرنے اور ممالک کے نام پبلک کرنے کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا جائے۔ واضح رہے کہ سنگل بنچ نے 1990 سے 2001 تک تحائف کی تفصیلات پبلک کرنے کا حکم دیا تھا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
اسلام آباد کی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی کی 2 کیسز میں عبوری ضمانت میں 29 اپریل تک توسیع کر دی۔ اپنے خلاف دفعہ 144 کی خلاف وزری پر درج 2 مقدمات کی سماعت کے دوران پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی وکیل علی بخاری کے ہمراہ اے ٹی سی جج راجہ جواد عباس کی عدالت میں پیش ہوئے۔ جج نے تفتیشی افسر سے سوال کیا کہ کیا شاہ محمود قریشی کو کیسز سے ڈسچارج کرنا ہے؟ تفتیشی افسر نے جواب دیا کہ ایما کی دفعات کی حد تک شاہ محمود قریشی کو کیس میں نامزد رکھنا ہے۔ جج نے استفسار کیا کہ پراسیکیوشن سے پوچھ لیں کہ اللہ تعالی کے علاوہ اور کون گواہ ہے؟ سابق وزیر خارجہ کو کٹہرے میں کھڑا کیا ہوا ہے، وجہ تو بتائیں۔ شاہ محمود قریشی نے عدالت میں بیان دیا کہ میں جائے وقوع پر موجود نہیں تھا، جس پر جج نے ریمارکس دئیے کہ کیا معلوم آپ کی روح جائے وقوع پر موجود ہو گی؟ جج کے ریمارکس پر عدالت میں قہقہے گونج اٹھے۔ جج نے پراسیکیوٹر سے سوال کیا کہ کیا آپ کو یقین ہے کہ ایس ایچ او کی موجودگی میں شاہ محمود قریشی اور عمران خان نے کارکنان کو حکم دیا؟ پراسیکیوٹر نے جواب دیا کہ عمران خان اور شاہ محمود قریشی نے کارکنان کو احتجاج کا حکم دیا اور کارکنان نے آگے پیغام پہنچایا، جج نے پراسیکیوٹر سے کہا کہ کارکنان خود کہیں کہ کچھ نہیں کیا تو تب آپ ان کی بات مانتے نہیں۔ بعدازاں اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی کی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی کی دونوں کیسز میں عبوری ضمانت میں 29 اپریل تک توسیع کر دی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیرِ اعظم عمران خان نے لاہور ہائی کورٹ میں قائد مسلم لیگ(ن)نوازشریف کی تقاریر نشر کرنے کی پابندی پر عملدرآمد کی درخواست دائر کر دی۔ عمران خان نے کیس میں فریق بننے کے لئے درخواست دائر کی ہے، چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست پر عدالت نے 12 اپریل کے لئے نوٹس جاری کر دیئے۔ درخواست میں سابق وزیراعظم عمران خان کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ نواز شریف اشتہاری ہیں، پابندی کے باوجود ان کی تقریر میڈیا پر دکھائی جاتی ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی